فریال تالپور کا بےنظیر شہید ری ہیبلیٹیشن سینٹر لیاری کا دورہ

November 22, 2022

فریال تالپور نے کہا کہ کے ایم سی اسپتال منگھوپیر اور ملیر میں بھی ری ہیبلیٹیشن سینٹر بنائے جائیں گے۔

چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور نے بےنظیر شہید ری ہیبلیٹیشن سینٹر ماڑی پور لیاری کا دورہ کیا۔

یہ سینٹر محکمہ صحت اور اے این ایف کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے اور اس میں نشے کے عادی افراد کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے۔

فریال تالپور کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے علاوہ صوبائی وزیر مکیش چاولہ، سہیل انور سیال، قاسم سراج سومرو اور سلیم جلبانی بھی تھے۔

اے این ایف کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کرنل پرویز حسن نے ری ہیبلیٹیشن سینٹر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

فریال تالپور نے اس موقع پر کہا کہ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا قیام قابل تحسین ہے کراچی کے علاوہ حیدرآباد اور سکھر میں بھی یہ سینٹر فعال ہیں اور نشے کے عادی افراد کو علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپتال منگھوپیر اور ملیر میں بھی ری ہیبلیٹیشن سینٹر بنائے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ سندھ کے دوسرے شہروں لاڑکانہ، میرپور خاص اور نواب شاہ میں بھی ایسے سینٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ وہاں کے لوگوں کو بھی یہ سہولت میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے اشتراک سے قائم ہونے والے شہید بےنظیر ری ہیبلیٹیشن سینٹرز سے اب تک 9 ہزار سے زائد لوگ نشے کی عادت سے چھٹکارا پاچکے ہیں اور معمول کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کے بعد انہیں ووکیشنل ٹریننگ کے ذریعے ہنر مند بنانے کے لئے اسٹویٹا کے تعاون سے ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ یہ لوگ معاشرے کے کار آمد اور مفید شہری بن سکیں۔

فریال تالپور نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو نشے جیسی لعنت سے بچانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نشہ زندگی کو تباہ کردیتا ہے اور یہ وہ لوگ کرتے ہیں جو زندگی کے مسائل کا سامنا نہیں کر پاتے، انہیں یہ آسان لگتا ہے کہ وہ نشے کے عادی ہو کر زندگی سے راہ فرار اختیار کریں۔

فریال تالپور نے کہا کہ اس سے نہ صرف وہ خود تباہ و برباد ہوتے ہیں بلکہ ان کے خاندان پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایسے افراد کو دوبارہ زندگی کی طرف مائل کرتے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ایسے افراد اور اداروں کو سراہے جانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنےکیضرورتہے۔