بلوچستان: 6 اضلاع میں انسدادِ پولیومہم کل سے شروع ہو گی

November 27, 2022

—فائل فوٹو

بلوچستان کے 6 اضلاع کی 203 یونین کونسلوں میں انسدادِ پولیو مہم کل سے شروع ہو گی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 7 روزہ خصوصی مہم کے دوران 9 لاکھ 78 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ای او سی کے مطابق انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، مستونگ اور ژوب میں شروع ہو گی۔

ای او سی کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی پر لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہوں گے۔

اس حوالے سےایمرجنسی آپریشن سینٹر کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں جنوری2021ء سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

ای او سی کے مطابق ملک کے دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبے کے بچوں کے لیے خطرہ ہے۔