بلاول بھٹو فیفا ورلڈ کپ میچ دیکھنے قطر جائیں گے

December 02, 2022

اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو دوحہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میچ دیکھنے قطر جائیں گے۔

انہیں فیفا ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے کی دعوت پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل آل ثانی نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں اپنی حکومت کی جانب سے دی تھی۔

اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو اپنے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت ہوگی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو امکانی طور پر جمعہ یا ہفتے کو قطر کے دورے پر روانہ ہوں گے۔