امریکی ریاست آئیوا میں اسکول ٹرپ کے دوران جھیل میں گرنے سے 24 سالہ ٹیچر اور 10 سالہ طالب علم ہلاک ہوگیا۔
حکام اور اسکول انتظامیہ کے مطابق واقعہ منگل کو لیک میک برائیڈ اسٹیٹ پارک میں اسکول ٹرپ کے دوران پیش آیا، خاتون ٹیچر ہنّا جورجنسن کی لاش منگل کی سہ پہر کورل ویل ریزروائر سے نکالی گئی، جبکہ تقریباً 25 گھنٹے بعد غوطہ خوروں نے اسی مقام سے 10 سالہ طالب علم احمد عثمان کی لاش بھی برآمد کرلی۔
حکام کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ٹیچر اور طالب علم پانی میں کیسے پہنچے۔ واقعے کے بعد جانسن کاؤنٹی میٹرو ڈائیو ٹیم، مقامی فائر ڈپارٹمنٹس، آئیوا ڈپارٹمنٹ آف نیچرل ریسورسز، اسٹیٹ پٹرول، امریکی آرمی کور آف انجینئرز اور طبی عملے سمیت بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کیا گیا۔
اسکول انتظامیہ نے دونوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہنّا اور احمد صرف اسکول کمیونٹی کے ارکان نہیں تھے اور ان کی کمی کلاس رومز، اسکول کی راہداریوں اور ان سے محبت کرنے والوں کی زندگیوں میں محسوس کی جائے گی۔
اسکول میں متاثرہ طلبہ اور عملے کے لیے مدد اور کونسلنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔