ایک اور سرپرائز، پرتگال کو شکست، فتح نےجنوبی کوریا کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا دیا

December 03, 2022

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) جنوبی کوریا نے پرتگال کو2-1 سے ہراکر سرپرائز کردیا، فاتح ٹیم نے فیفا ورلڈکپ کے ٹاپ سسکٹین مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ جمعہ کو پرتگال کے رکارڈو ہورٹا نے ٹیم کو برتری دلوائی جسے جنوبی کوریا کے کم ینگ گون نے برابر کیا اور پھر بعد دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا نے ایک اور گول کرکے فتح اپنے نام کی۔ میچ میں جنوبی افریقا کےدو کھلاڑیوں کوفاؤل پلے پر یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی کوریا کو میچ کے دوران پانچ جبکہ پرتگال کو چار کارنر ملے۔ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں گروپ ایچ میں کھیلے جانے والے میچ میں پرتگال کی جانب سے میچ کے پانچ ویں میں منٹ میں رکارڈو ہورٹا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ جواب میں جنوبی کوریا کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور بالآخر 27 ویں منٹ میں خوبصورت گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا کھیل کے آخری لمحات کے انجری ٹائم میں جنوبی کوریا کے ہوانگ ہی چن نے گول کرکے ٹیم کو 2-1 کی فتح دلوا دی۔ دوسری جانب یوراگوئے نے گروپ اسٹیج کے اپنے تیسرے اور آخر ی میچ میں گھانا کو دو صفر کی شکست دیدی۔ کامیابی کے باوجود یوراگوئے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی۔ یوراگوئے کے پانچ جبکہ گھانا کے دو کھلاڑیوں کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ گھانا نے پانچ اور یوراگوئے نے دو کارنر حاصل کئے۔ گروپ ایچ میں گھانا اور یوراگوئے کے درمیان الجنوب اسٹیڈیم میں ابتداء سے ہی یوراگوئے کے کھلاڑی چھائے رہے۔ میچ کا پہلا گول جیوارجیان نے 26ویں اور دوسرا گول 32ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے ہاف میں کوئی گول نہ ہوسکا۔گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ایچ میں پرتگال نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ جنوبی کوریا اور یوروگوائے 4،4 پوائنٹس حاصل کرسکے جبکہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان گولز کا فرق بھی ایک جیسا تھا۔تاہم جنوبی کوریا کی ٹیم ورلڈکپ میں مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے کی وجہ سے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ یوروگوائے نے گروپ میچز میں مجموعی طور پر 2 گول کیے جبکہ جنوبی کوریا نے 4 گول اسکور کیے تھے۔اس کے علاوہ گھانا کا بھی 3 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈکپ کا سفر ختم ہوگیا۔