جنرل باجوہ کے معاملے میں باپ، بیٹا، عمران خان ایک پیج پر نہیں: حافظ حمد اللّٰہ

December 05, 2022

حافظ حمداللّٰہ—فائل فوٹو

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ کے معاملے میں باپ، بیٹا اور عمران خان ایک پیج پر نہیں۔

جاری کیے گئے بیان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ ٹرائیکا وضاحت کرے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے؟

انہوں نے کہا ہے کہ باپ بیٹا وضاحت کریں کہ جنرل باجوہ کے معاملے میں عمران خان کے ساتھ ہیں یا جنرل باجوہ کے ساتھ؟

حافظ حمد اللّٰہ نے سوال کیا کہ عمران کو حکومت میں لانا جنرل باجوہ کی غلطی تھی اور جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینا عمران خان کی غلطی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں کی غلطیوں نے پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا ہے کہ یہ لوگ آج اپنے محسن پر ڈبل گیم کا الزام لگا رہے ہیں، انہیں نہ کوئی شرم ہے، نہ کوئی حیا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویسے چوہدری پرویز الہٰی وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے ماہر ہیں۔