زلفی بخاری گھڑی کی فروخت سے متعلق آڈیو لیکس کے دفاع میں سامنے آگئے

December 08, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری گھڑی کی فروخت سے متعلق آڈیو لیکس کے دفاع میں سامنے آگئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ گھڑی بیچ کر کچھ غلط نہیں کیا۔

زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے میں کوئی اور ملوث ہوتا تو کوئی ایشو نہیں بنتا لیکن عمران خان کی وجہ سے اسے ایشو بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریکِ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے۔

اس آڈیو کے آغاز میں زلفی بخاری کو بشریٰ بی بی سے سلام کرنے کے بعد ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد بشریٰ بی بی زلفی بخاری سے یہ کہتی ہیں کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ گھڑیاں ان کے استعمال کی نہیں وہ چاہتے ہیں کہ آپ بیچ دیں۔

زلفی بخاری نے بشریٰ بی بی کی یہ بات سننےکے بعد جواب میں کہا کہ ضرور مرشد میں کردوں گا، میں کردوں گا جی۔