کراچی میں رواں سال 26 ہزار سے زائد افراد کتے کے کاٹنے سے زخمی

December 10, 2022

کراچی میں رواں سال 26 ہزار سے زائد افراد کتے کے کاٹنے سے زخمی ہو کر اسپتال پہنچے۔ حکام کے مطابق رواں ماہ ان کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سندھ کے سب سے بڑے جناح اسپتال میں رواں سال 9829، روتھ فاؤ سول اسپتال میں 7733 افراد اور انڈس اسپتال میں 9 ہزار افراد کتے کے کاٹنے کے باعث زخمی حالت میں لائے گئے۔

اسپتال حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں 83.6 فیصد مرد اور 16.4 فیصد خواتین شامل ہیں۔ کتے کے کاٹنے سے متاثر ہونے والے 32 فیصد افراد کی عمر 14 سال تک ہے، جبکہ 68 فیصد متاثرین کی عمر 14سال سے زائد ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق رواں سال زخمی ہونے والے 78 فیصد افراد آوارہ کتوں کا شکار ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے 22 فیصد افراد پالتو کتے اور بلی کے کاٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

نومبر اور دسمبر میں کتے کے کاٹنے کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اسپتال حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جولائی سے اب تک 781 افراد کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

سندھ میں اس وقت اینٹی ریبیز ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے۔