اعظم سواتی کو سندھ حکومت کے طیارے میں نہیں لایا گیا، مراد علی شاہ

December 14, 2022

مراد علی شاہ—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو لانے کے لیے سندھ حکومت کا طیارہ استعمال نہیں ہوا، طیارے کے استعمال کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

کراچی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال ہے سب مل کر ساتھ دیں، ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے مل کر استحکام لانا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ جو ادارے کام کرتے ہیں ان پر تنقید کی جاتی ہے، تعلیم میں بے قاعدگیوں کا جواب وزیر تعلیم دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک سیلاب متاثرین کو ریلیف نہیں ملا، سیلاب متاثرین کے سر پر چھت نہیں، وہ ٹینٹ میں رہ رہے ہیں، ہم سب ساتھ مل کر ملک کو مشکل وقت سے نکالیں۔

مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم تعمیر کی بات کر رہے ہیں، کچھ لوگ توڑ تاڑ کی بات کر رہے ہیں۔