• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پاکستان بھی آئینی فرض نہیں نبھا رہے، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی آئینی فرض نہیں نبھا رہے، عدم اعتماد کامیاب ہوتے ہی صدر کو فوراً قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں واضح ہے عدم اعتماد کامیاب ہونے پر وزیر اعظم عہدے پر نہیں رہیں گے، عہدہ کھو دینے کے بعد عمران خان عام رکن اسمبلی رہ جائیں گے، یہ ملک مزید ان بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، یوسف رضا گیلانی کو ایک منٹ کی عدالتی سزا پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

عدم اعتماد کامیاب ہونے پر وزیر اعظم عہدے پر نہیں رہیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جب سے پیدا ہوئے غلطیاں کر رہے ہیں، وہ اپنی کرسی بجانے کیلئے آئین اور سیاست کو داؤ پر لگارہے ہیں، انہیں خبردار کرتا ہوں اس ملک اور ملک کی سلامتی سے نہ کھیلیں، آپ کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عجیب و غریب لوگ آج بھی انہیں مشورے دے رہے ہیں، آئین کلیئر ہے، ان کو پڑھنا چاہیے، یہ لوگ انحراف کا سبب بن رہے ہیں، ان کے ایم اینز اور ان کے وزیر بے ہودہ باتیں کرتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سب سے زیادہ بولنے والا وزیر کہہ چکا ہے کہ وہ نوکری ڈھونڈ رہا ہے، یہ بات عیاں ہے عمران خان ملک کے لیے سیکیورٹی تھریٹ ہے، جھوٹ بولنے میں عمران خان کا کوئی ثانی نہیں ہے، ایسے شخص سے جتنا جلد ہو سکے جان چھڑانی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی، وزیر اعظم اپنا کام چھوڑ دیں گے کسی حکمنامے کی ضرورت نہیں، اگر کوئی وزیراعظم انتقال کرجاتا ہے تو کیا ملک بند ہوجائے گا، ملک کی تاریخ میں پہلی بار آئینی طریقے سے وزیراعظم تبدیل ہورہا ہے، ہمیں خوش ہونا چاہیے، ہمارے جمہوری سسٹم میں میچورٹی آگئی ہے۔

ایم کیو ایم سے جو پارٹنر شپ ہے وہ تحریری ہے، مراد علی شاہ

مراد علی شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے جو پارٹنر شپ ہے وہ تحریری ہے، ہم سندھ کی سیاست میں اور صوبے کی بہتری کے لیے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات جلد ہی ہونے ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ ملکر تو نہیں لیکن اچھے طریقے سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔

مراد علی شاہ کی سندھ ہاؤس حملے کی مذمت

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سندھ ہاؤس پر حملے کا کیس میرٹ پر چلایا جائے، میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، سندھ ہاؤس اسلام آباد میں جو واقعہ پیش آیا اس پر ایف آئی آر دی گئی ہے، آئی جی اسلام آباد کو تنبیہ کرتا ہوں کہ اس کیس کو میرٹ پر چلائیں، اگر پی ٹی وی پر حملہ دہشتگردی ہے تو سندھ ہاؤس پر حملہ بھی دہشتگردی ہے۔

قومی خبریں سے مزید