لوگ مایوس ہوکر پاکستان چھوڑ کر جارہے ہیں، عمران خان

December 16, 2022

فائل فوٹو

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہلوگ مایوس ہوکر پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی 8 ماہ میں ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں، جو تشویش ناک ہے۔

عمران خان نے ویڈیو لنک پر وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 8 ماہ میں قانون کی بالادستی کی دھجیاں اڑائی گئیں جو ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی نہیں ہوگی اس وقت تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ آپ معاشی طور پر ٹائیگر بن جائیں گے، جو معاشی چیلنجز آج در پیش ہیں، ماضی میں کبھی ایسی صورت حال نہیں ہوئی، باری باری سب کےکرپشن کیس ختم کیے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی خاطر آپ کو اپنی ذمے داری نبھانی پڑے گی، آپ کے سامنے ہو رہا ہے کہ سارے چور اوپر آکر بیٹھ گئے ہیں، 26 سال سے کہہ رہا ہوں ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے، قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے اپنی حکومت میں بھی جدوجہد کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون نہیں طاقت کی حکمرانی ہے، قانون کی حکمرانی ملک کو دلدل سے نکال سکتی ہے، قانون کی حکمرانی شہریوں کو یکساں مواقع فراہم کرتی ہے، ملک میں کوئی مقدس نہیں سب کو قانون کے تابع ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں ریکارڈ برآمدات تھیں، کسان خوشحال تھا، سات ماہ میں جو کچھ ہوا اس سے ملک میں مایوسی پھیلی ہے۔