این ای ڈی یونیورسٹی طالبعلم کے قتل میں ملوث ملزم کم عمر ہے، ایڈیشنل آئی جی

December 16, 2022

کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر طالب علم کو قتل کرنے میں ملوث گرفتار ملزم کم عمر ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعہ اور اس میں ملوث ملزمان کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق گرفتار ملزم نظام الدین کی عمر 16 سال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طالبعلم بلال ناصر کی موت کے بعد ہی ایس ایس پی ایسٹ کی ٹیم نے کام شروع کر دیا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم نظام کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

ملزم نظام الدین افغان باشندہ ہے جو جمالی گوٹھ کا رہائشی ہے، دوسرے ملزم کی شناخت ہوچکی ہے، اس کے رشتےداروں کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

دوسرے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملزم کی گرفتاری سے امید کرتے ہیں مقتول کے ورثاء کا پولیس پر اعتماد بحال ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور غربت اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کا باعث ہے۔

کراچی پولیس چیف نے شہریوں سے اپیل ہے کہ برائے مہربانی ڈاکوؤں سے مزاحمت نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر کراچی میں رہائش پذیر افغان باشندوں کو قانون کے ضابطے میں لانے کی ضرورت ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ رواں سال 825 پولیس مقابلے ہوئے، 118 ملزم پولیس مقابلوں میں مارے گئے، 937 ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس کا تاثر تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ساؤتھ زون سے آغاز کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانی طرز کی پولیس موبائلز کو ڈیجیٹل اسمارٹ کاروں سے تبدیل کیا جارہا ہے، ان گاڑیوں میں جو پولیس اہلکار ہوں گے وہ کیمرے کی نگرانی میں ہوں گے۔

کراچی پولیس چیف نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ شہر میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نومبر اور دسمبر میں 22 کیسز ہوئے جن میں چار بچوں کو قتل کیا گیا۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ رواں سال زیادتی کے 251 میں سے 225 کیسز حل کیے ہیں جبکہ 233 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔