جامعہ اردو کی انتظامیہ حق مانگنے والوں کو نوٹس نہیں تنخواہیں دے، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی

December 19, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر صالحہ رحمن نے جامعہ اردو میں تاحال تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ جامعہ اردو کی انتظامیہ حق مانگنے والوں کو نوٹس نہیں تنخواہیں دے۔انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے معتمد سید فیضان الحسن نقوی کے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر صالحہ رحمن نے کہا کہ جامعہ اردو کی انتظامیہ اظہار وجوہ کا نوٹس فوراً واپس لے،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی جامعہ اردو میں اساتذہ کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے،انہوں نے یہ بھی کہاکہ جامعات کا مالی بحران سنگین صورتحال اختیار کر رہا ہے اور ارباب اختیار اس ضمن میں بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں،سرکاری جامعات کو بحران کی طرف دھکیل کر مڈل کلاس طبقے کی اعلیٰ تعلیم کی امیدوں پر پانی پھیرا جا رہا ہے۔دوسری جانب امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ترجمان نے کہاہےکہ پُر امن احتجاج پر جامعہ اردو کے اساتذہ کو شوکاز نوٹسز دینا افسوسناک عمل ہے ۔ صدر آئی ایس او عبدالحق کیمپس یونٹ نے کہا ہے کہ جامعہ اردو اساتذہ کو شوکاز نوٹس دینا زیادتی ہے ، ہر شہری کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے ، ہم وفاقی جامعہ اردو میں اساتذہ کی تنخواہوں کے اجراء و دیگر جائز حقوق کے حصول کے لئے آواز بلند کرنے والے سینئر اساتذہ کرام ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال،ڈاکٹر کمال حیدر، روشن علی و دیگر کو شوکاز نوٹسسز جاری کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور جامعہ کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر شوکاز کو واپس لیا جائے اور اساتذہ کرام کی تنخواہ و دیگر بقایہ جات فوری ادا کرے ۔