اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن، الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری

December 22, 2022

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخوست پر الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

مسلم لیگ ن کے چیئرمین کے امیدوار شہزاد اورنگزیب کی جانب سے وکیل عادل قاضی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی بات نہیں مانتے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن 125 یونین کونسلز موجود ہیں، 101 پر الیکشن کیسے کرائیں گے؟ انتخابی شیڈول کے بعد یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی اسمبلی میں موجود ہے۔

یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے سے متعلق وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔

عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔