روس یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، پیوٹن

December 23, 2022

فائل فوٹو

روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، تمام تنازعات سفارت کاری سے ختم ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روس کا مقصد فوجی تصادم کے پہیے کو گھمانا نہیں بلکہ جنگ کو ختم کرنا ہے، ہم جنگ کے خاتمے کے لیے جلد کوششیں کریں گے۔

وہ ماسکو میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار کہا ہے کہ دشمنی کی شدت ہمیشہ نقصانات کا سبب بنتی ہے۔

ولادیمر پیوٹن نے کہا کہ تمام مسلح تنازعات سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ختم ہوتے ہیں۔

انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ تنازعات کے فریق کو جلد یا بدیر ساتھ بیٹھ کر افہام و تفہیم سے معاملات طے کرنے پڑتے ہیں۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس کی مخالفت کرنے والوں کو یہ احساس جتنی جلد ہو جائے بہتر ہے، روس نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا،

روسی صدر نے کہا کہ امریکا کا پیٹریاٹ دفاعی نظام کافی پرانا ہے، روس کے ایس 300 سسٹم کی طرح کام نہیں کرتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یوکرین کو ملنے والے امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام کے مقابلے کا راستہ نکال لیں گے۔