اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے ناراض ہونے کی وجہ بتا دی

December 23, 2022

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے ناراض ہونے کی وجہ بتادی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سبطین خان نے کہا کہ ق لیگ کے تمام 10ممبران پرویز الہٰی کے ساتھ ہیں، حسنین بہادر دریشک کی مس انڈر اسٹینڈنگ کی وجہ سے پرویز الہٰی ناراض ہیں۔

سبطین خان نے کہا کہ ہم نے لکھ کر دیا ہے کہ11جنوری تک اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے، اب یہ ہمارا فیصلہ ہوگا کہ11 جنوری سے پہلے یا بعد میں اعتماد کا ووٹ لیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جاری سیشن میں ہی وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لے لیں گے، گورنر صاحب 18 گھنٹے میں اعتماد کے ووٹ لینے کا کہہ رہے تھے۔

سبطین خان نے کہا کہ ہمارے لوگوں نے لکھ کر دیا ہے کہ وہ باہر جا رہے ہیں، کوئی بیماری ہے، استعفے آئےتو میں آدھے گھنٹے میں قبول کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی تحلیل کر رہے ہیں تو استعفے کیوں قبول کروں، ہم اسمبلیاں توڑنا چاہتے ہیں، عوام کے پاس جانا چاہتے ہیں، 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے دیتے تو الیکشن رمضان سے پہلے ہو جاتے۔

سبطین خان نے کہا کہ اگر ہمارے تین چار کے ضمیر جگائے تو ان کے بھی تین چار کے ضمیر جاگیں گے۔