برفباری کا امکان، موٹروے پولیس کی N50 پر ریسکیو مشق کا انعقاد

December 24, 2022

فائل فوٹو

شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کے بعد موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ این 50 پر پہلی بار جوائنٹ ریسکیو مشق کا انعقاد کیا، جس کا مقصد بلوچستان کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک رواں رکھنے اور مسافروں کی فوری مدد ممکن بنانا ہے۔

نیشنل ہائی وے موٹر وے پولیس کا این ایچ اے، پی ڈی ایم اے ریسکیو ٹیم اور بلوچستان لیویز کے ساتھ مل کر فرضی مشق کے انعقاد کا مقصد این50 کوئٹہ قلعہ سیف اللّٰہ ژوب ہائی وے پر برفباری یا کسی بھی ناخوشگوار موسمی صورتحال میں سڑک استعمال کرنے والوں کو بروقت مدد اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

ڈی آئی خان اور ڈی جی خان کو لنک کرکے شمالی بلوچستان سے گزرنے والی اس اہم قومی شاہراہ قلعہ سیف اللّٰہ سیکشن کا کنٹرول رواں سال موٹر وے پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے اتوار سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کے بعد شمالی بلوچستان کی اہم قومی شاہراہ این 50 پر رواں سال کی متوقع پہلی برفباری کی صورت میں موٹر وے پولیس نے ٹرانسپورٹرز کیلئے الرٹ جاری کردیا ہے۔

شمالی بلوچستان میں برفباری میں روڈ کلیرنس اقدامات کے لئے کان مہترزئی، خانوزئی، زیارت کراس پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کردی ہے۔

شاہراہ سے برف ہٹانے اور آمدورفت بحالی کیلئے برفانی موسم میں کوئیک رسپانس دینا اور کسی بھی ایمرجنسی میں تمام اداروں کےدرمیان مربوط رابطہ سسٹم بنا دیا ہے تاکہ برفانی موسم میں بین الصوبائی شاہراہ کو ہرصورت ٹریفک کیلئے بحال رکھا جاسکے۔