ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا میرا نہیں ہوا، مونس الہٰی

December 24, 2022


پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا میرا نہیں ہوا، چوہدری شجاعت حسین کے بچوں نے ان کو مس گائیڈ کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مونس الہٰی نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ دینے کے حوالے سے حسین الہٰی نے اپنے والد اور میں نے اپنے والد کو رضامند کیا، ماضی میں شجاعت حسین اور پرویز الہٰی مجھے بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، جب سے سیاست میں آیا ہوں مجھے بتایا گیا شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا۔

مونس الہٰی نے کہا کہ ن لیگ نے جو کچھ کیا وہ ان کو الٹا پڑا ہے، سندھ ہاؤس اور اسلام آباد میں جو منڈی لگی وہ سب کو پتا ہے، ہمارے بندے توڑنے کیلئے منڈی تو ن لیگ نے لگانی ہے۔

رہنما ق لیگ نے کہا کہ ہم اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے تیار ہیں، اعتماد کا ووٹ کب لیں گے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورت حال میں غائب ہوجائے گا۔

مونس الہٰی نے مزید کہا کہ عمران خان کی ہدایت ہے کہ اسمبلیاں توڑنی ہیں، ہم نے اپنی رائے دی عمران خان نے اپنا فیصلہ بتایا، صدر مملکت بھی بات چیت کر رہے تھے اس وجہ سے بھی 6 دن لیے، گورنر نے اپنے نجی وکیلوں سے رائے لے کر فیصلہ کیا، چیف سیکریٹری کو کس نے راضی کیا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لیں، پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبشلمنٹ کرواسکتی ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا، عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوئی جس کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نمبرز پر ابھی تک پی ٹی آئی سے بات نہیں ہوئی، اس وقت سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے بات کر رہے ہیں۔

مونس الہٰی نے بتایا کہ لوگوں نے 2018 میں مجھے الیکشن لڑنے نہیں دیا کہ یہ پی ٹی آئی کی نشست ہے، جب الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا تو میں نے کہا یہ تو ہمارے خاندان کی سیٹ ہے، مجھے کہا گیا کہ آپ ضمنی الیکشن لڑ لیجیے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے علیم خان اور جہانگیر ترین نےکہا کہ یہ آپ کی نہیں پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، 2018 میں سیٹ مانگنے کے اگلے دن میرا نیب کا نوٹس نکل آیا، لگتا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا اثر تھا، 2018 کے الیکشن کے بعد بھی جو ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے۔

مونس الہٰی نے کہا کہ ابھی تک ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی، عمران خان کو جب سے ہٹایا گیا ہر معاملے میں اللّٰہ نے انہیں سرخرو کیا، اب پاکستان تبدیل ہو چکا ہے۔

رہنما ق لیگ نے کہا کہ لاہور کا ماسٹر پلان بزدار نے بنایا، حمزہ نے تبدیلیاں کیں، لاہور کے ماسٹر پلان کا ہمیں کیا فائدہ؟ پی ٹی آئی نے جو لاہور کا ماسٹر پلان بنایا اس پر عمل ہو رہا ہے۔