بلوچستان: کئی علاقوں کا درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے کم، الرٹ جاری

December 25, 2022

—فائل فوٹو

محکمۂ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شمالیٔ بلوچستان کے لیے موسم خراب ہونے کا الرٹ جاری کر دیا جہاں کئی علاقوں کا درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی کم ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شمالی بلوچستان میں مغربی سسٹم کے داخل ہونے کا امکان ہے جو صوبے میں بارش اور برف باری کا سبب بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی سسٹم کے بلوچستان میں داخل ہونے سے ملک بھر میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات نے چمن، زیارت، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ میں برف باری پر الرٹ جاری کر دیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی ویز اور لنک روڈز پر محدود آمد و رفت کے لیے اقدامات کی ہدایات دی ہیں۔

کوئٹہ سے قلعہ سیف اللّٰہ ژوب ہائی وے کے برفیلے موسم سے شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔

برفباری سے کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی، زیارت، لکپاس میں بھی ہائی ویز کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سال کے اختتام اور نئےسال کے آغاز پر ریکارڈ سردی پڑنے کا امکان ہے۔

زیارت، قلات، پشین، مستونگ سمیت کئی علاقوں میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے گر گیا۔

کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5، قلات میں منفی7، زیارت میں منفی 5، مستونگ میں منفی 3، پشین میں منفی 4 ، پنجگور میں 3 اور سبی میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم سرد اورجزوی ابر آلود رہنے جبکہ صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔

کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب اور گردو نواح میں آج ہلکی بارش اور برف باری کا امکان بھی موجود ہے۔