بے نظیر بھٹو جمہوری جدوجہد کی روشن علامت ہیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

December 27, 2022

فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جمہوری و سیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں، اُنہوں نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں جامِ شہادت نوش کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر2007ء عوام کی محبوب رہنما کی شہادت کا ناقابلِ فراموش دن ہے، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کی زندگی جہدِ مسلسل کی ولولہ انگیز داستان ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملک، عوام اور جمہوریت کے لیے تاریخی خدمات پر بے نظیر بھٹو شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک اور عوام کو میثاقِ جمہوریت کا تاریخی تحفہ دیا، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاست میں ایک نئے دورکا آغاز کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میثاقِ جمہوریت ہمارے قائدین کی سیاسی بصیرت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف جرأت مندانہ اور واضح مؤقف اختیار کیا، ان کی شہادت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آہنی عزم کا ثبوت ہے۔

شہباز شریف مزید نے کہا کہ اس موقع پر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام اہلِ خانہ اور وابستگان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتا ہوں۔

اُنہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ شہید بے نظیر بھٹو سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائیں اور اہلِخانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں (آمین)۔