توانائی میں کفایت شعاری اپنانا ضروری ہے، وزیراعظم

December 28, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم توانائی سے متعلق کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بحیثیت قوم توانائی سے متعلق ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹ بل میں کمی کےلیے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر توانائی کو ونڈ پاور کی استعداد سے متعلق تفصیلی رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے اور سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے سے متعلق کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

دوران اجلاس ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کی شدید مذمت کی گئی اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

کابینہ نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر نے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوران اجلاس کابینہ نے خصوصی اکنامک زونز میں ون ونڈو آپریشنز سے متعلق سہولیات دینے کےلیے وَن اسٹاپ سروس ایکٹ کی منظوری دے دی۔