فواد چوہدری کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

January 27, 2023

—فائل فوٹو

اسلام آباد کی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی کی عدالت نے درخواست کی سماعت کی جس کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء پیش ہوئے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل سیشن جج طاہر محمود نے درخواستِ ضمانت کی سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد میں سناتے ہوئے کہا تھا کہ تھانہ کوہسار کے متعلقہ مجسٹریٹ فواد چوہدری کی بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کریں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں فواد چوہدری کے بھائی اور وکیل فیصل چوہدری نے فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔


دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، مقدمے میں انہیں غلط نامزد کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مدعی صرف فواد چوہدری کو ہراساں اور بلیک میل کرنا چاہتا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی جائے۔