فلم’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا تھا، شاہ رخ خان

February 01, 2023

شاہ رخ خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ 2018ء میں فلم ’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

شاہ رخ خان نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران فلم ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس فلم کی غیر معمولی کامیابی نے گزشتہ 4 سال کی ناکامیاں بھلا دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ فلم ’زیرو‘ کے باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہونے پر لوگوں نے یہ کہنا شروع کردیا تھا کہ اب میری فلمیں نہیں چلیں گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے اس قسم کی باتیں سنیں تو متبادل کاروبار کرنے کا سوچنا شروع کردیا، میں نے اطالوی کھانے پکانا بھی سیکھے تا کہ اطالوی ریسٹورینٹ کھول سکوں اور اپنے ہاتھوں سے لوگوں کو کھانا بنا کر کھلا سکوں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ‘زیرو’ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تھی مگر اب 4 سال بعد گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ متعدد تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود بھی دنیا بھر میں باکس آفس پر کمائی کے نئے ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، فلم ’پٹھان‘ مجموعی طور پر دنیا بھر سے اب تک 600 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان، جان ابراہم اور دیپیکا پڈوکون شامل ہیں۔