کراچی میں ٹریفک پولیس افسر کو تھپڑ مارنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

February 02, 2023

کراچی میں ٹریفک پولیس افسر کو تھپڑ مارنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پی آئی ڈی سی کے قریب خاتون نے اس وقت ٹریفک پولیس افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا، جب قانون توڑنے پر اس کی کار کو روکا گیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

خاتون کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا تو پہلے اس نے بدتمیزی کی، پھر ڈی ایس پی کو دھکے دیے اور تھپڑ بھی مارا۔

وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی، متاثرہ ڈی ایس پی، پی آئی ڈی سی ٹریفک سیکشن اشتیاق آرائیں کی مدعیت میں خاتون کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈی ایس پی اشتیاق آرائیں کے مطابق خاتون نے اپنے بھائی کو نیوی کا افسر بتایا اور ہماری تذلیل کرتی رہی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے بعد کارروائی شروع کردی گئی ہے، جلد خاتون کو گرفتار کیا جائے گا۔