یومِ یکجہتی کشمیر: کشمیری بھارت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

February 05, 2023

—فائل فوٹو

مظفر آباد میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھمبر سے تاؤ بٹ تک کشمیری بھارت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

مظفر آباد میں پاسبان حریت کی کال پر سیز فائر لائن سے قافلہ مظفر آباد پہنچا۔

یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں نے پاکستان سے اظہارِ تشکر بھی کیا جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے وادیٔ نیلم میں ریلیاں نکالی گئیں۔

ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے اظہارِ حمایت

وادیٔ نیلم کے ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھ مقام میں کشمیریوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے شہریوں سے حمایت کا اظہار کیا۔

یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر کنڈل، شاہی، سب ڈویژن، شاردہ اور کیل میں شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر واک

پاکستانی درالحکومت اسلام آباد میں یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک واک کی گئی جس کی قیادت مشیرِ امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کی۔

اس واک میں سویٹ ہومز کے بچے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

واک میں زمرد خان، ترجمان دفترِ خارجہ اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک تھے۔

شرکاء نے بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

میر پور آزاد کشمیر میں بھی منگلا اور دھان گلی پلوں پر ہاتھوں سے زنجیر بنائی گئی۔

منگلا پل پر تقریب میں طلباء اور وکلاء سمیت شہریوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔