عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز کیس، دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

February 08, 2023

سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ملزمہ کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ دانیہ شاہ نے کوئی ویڈیو نہیں بنائی اور نہ وائرل کی ہے، انہوں نے کہا کہ دانیہ شاہ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ملزمہ کو ضمانت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو ضمانت دی گئی تو خدشہ ہے ملک سے فرار ہو جائیں گی۔

دانیہ شاہ کو ایف آئی اے نے دسمبر 2022 میں لودھراں سے گرفتار کیا تھا۔

سیشن عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔