• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی بحران شدید، لوڈشیڈنگ دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز

کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 سے 18 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا۔

کےالیکٹرک نے 2 ہزار 121 میں سے 630 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا اعتراف کرلیا جبکہ بعض علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران صرف 4 سے 6 گھنٹے بجلی فراہم کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا، شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا جبکہ بعض علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران محض چند گھنٹے بجلی فراہم کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

کےالیکٹرک کے مطابق شہر کے 2 ہزار 121 میں سے 630 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

شہر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے مطابق ایئرپورٹ، عزیزآباد، بلدیہ، نارتھ کراچی اور سرجانی سمیت متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔

لائنز ایریا، قائدآباد، کیماڑی اور لیاری سمیت مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں 24 گھنٹوں کے دوران صرف 6 گھنٹے بجلی مل رہی ہے جبکہ سرجانی ٹاؤن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے بجلی بند رہنے کے بعد صرف 4 گھنٹے فراہمی کی شکایت سامنے آئی ہے۔

شہریوں کے مطابق بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے کے باوجود انہیں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، طویل بندش کے خلاف بعض علاقوں میں شہریوں نے احتجاج بھی کیا، جس کے بعد بعض مقامات پر بجلی عارضی طور پر بحال کردی گئی۔

کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، تاہم شہریوں نے بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید