سنی دیول پاکستان آنے کے خواہشمند کیوں؟

February 09, 2023

سنی دیول، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول کو سرحد پار پاکستان میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے، ان کی بہت سی فلمیں ایسی ہیں جنہیں یہاں سرحد پار شاندار پذیرائی حاصل ہوئی۔

اسی لیے سنی دیول کے ایک انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر گردش کررہی ہے، جس میں اُنہیں اپنے پاکستانی مداحوں سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکار نے پاکستان جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’جب بھی پاکستان جانا ہوگا تو میں ضرور جاؤں گا کیونکہ وہاں کے لوگ بہت پیار کرتے ہیں‘۔


اُنہوں نے کہا کہ مجھے اکثر ایئرپورٹ پر پاکستانی لوگ ملتے ہیں یا جہاں پر بھی ملے ہیں بہت پیار سے ملتے ہیں یہاں تک کہ ان کے پورے پورے خاندان ہم سے بہت پیار سے ملتے ہیں کیونکہ ان خاندانوں میں کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’یہ کچھ لوگ ہیں بیچ میں جو بلا وجہ کی غلط فہمیاں بنا دیتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ سنی دیول جو کہ بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی کے رکن بھی ہیں اور بھارت کے ضلع گورداسپور سے ان کے پاس پارلیمنٹ میں ایک عہدہ بھی ہے، بابا گرو نانک کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کرتار پور کوریڈور کے افتتاح میں شرکت کرنے کے لیے بھی پاکستان آئے تھے۔

اُنہوں نے دورۂ پاکستان سے واپس بھارت جاکر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ’پاکستان کا دورہ بہترین دورہ تھا، وہاں پر لوگوں نے بہت پیار دیا اور یہ امن کی نئی شروعات ہے اور میں چاہتا ہوں کہ سب اس کے ساتھ رہیں‘۔