بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے خوشی، خواہش اور انسان کی بدلتی توقعات سے متعلق ایک پُراسرار پیغام شیئر کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
سلمان خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں کم چیزوں میں خوشی محسوس کرنے اور زیادہ حاصل ہونے کے بعد انسان کے رویے میں آنے والی تبدیلی سے متعلق ایک اقتباس درج تھا۔
اقتباس میں لکھا تھا کہ جب تھوڑا ملا، تو خوش تھا، اب زیادہ ملا تو دکھی کیوں؟ جو چاہیے تھا کل مجھے، آج ملا تو ضروری کیوں؟
سلمان خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی اسے کسی خاص واقعے سے منسلک کیا۔
اداکار کی پوسٹ نے مداحوں کی توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا صارفین اس کے مطلب پر تبصرہ کرتے دکھائی دیے۔
پیغام میں بنیادی طور پر انسان کی بدلتی خواہشات اور توقعات کی جانب اشارہ کیا گیا کہ جو چیز کبھی بہت اہم محسوس ہوتی تھی، اسے حاصل کرنے کے بعد وہ معمولی لگنے لگتی ہے۔
پوسٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ کیا زیادہ چیزیں حاصل کر لینا ہمیشہ وہی خوشی فراہم کرتا ہے جس کی انسان توقع کرتا ہے۔
سلمان خان ان دنوں ٹیلی ویژن اور فلموں میں اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں، وہ ستمبر کے آغاز میں نشر ہونے والے بگ باس کے نئے سیزن کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔