عمارتوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مواد

March 05, 2023

انسان صدیوں سے تعمیرات کرتا آرہا ہے اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ ناصرف تعمیراتی انداز میں جدت آتی جارہی ہے بلکہ تعمیراتی مواد کو بھی جدید تر بنایاجارہا ہے۔ ہم سب تعمیرات میں کنکریٹ اور اینٹ کے استعمال سے تو بخوبی واقف ہیں، زیرِ نظر مضمون میں کچھ ایسے تعمیراتی مواد کا ذکر شامل ہے، جسے جدید دور کا تعمیراتی مواد کہا جاسکتا ہے۔

پلاسٹک

پلاسٹک نے حالیہ دور میں تعمیراتی مواد کے طور پر خود کو منوالیا ہے۔ یہ ایک مصنوعی، سستا اور نئی اشکال میں ڈھالا جانے والا مٹیریل ہے، جسے مختلف تعمیراتی مصنوعات کی شکل دی جا سکتی ہے۔ پلاسٹک وزن میں ہلکا اور پائیدار ہوتا ہے جو مختلف ڈیزائنز میں دستیاب ہے۔ تاہم پلاسٹک پر مبنی کچھ مٹیریل آتش گیر اور درجہ حرارت کے اعتبار سے حساس ہوتا ہے۔ پلاسٹک جدید فنِ تعمیر میں تعمیراتی پائپ، فرش، چھت، اندرونی اور اطرافی پینل میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اسٹیل

دورِ جدید میں اسٹیل نے تعمیراتی صنعت میں ایک ناگزیر مواد کی شکل اختیار کرلی ہے۔ اسٹیل یعنی فولاد زیادہ تر لوہے اور کچھ مقدار میں کاربن پر مشتمل ہوتا ہے۔ اسٹیل ایک مقبول ترین تعمیراتی مٹیریل ہے جو پائیداری کے لحاظ سے ہر قسم کی موسمی اور قدرتی آفات کی سختیوں کو برادشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر بنیادوں اور فریموں کی مضبوطی یقینی بنانے کے لیے عام استعمال ہوتا ہے۔ تاہم اسے بلند و بالا عمارتوں کو جاذبِ نظر بنانے کے لیے بیرونی حصوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ کھڑکی اور دروازوں کے فریم اور ہینڈل بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

المونیم

المونیم چاندی سے مشابہ ایسی سفید دھات ہوتی ہے جو عام طور پر دروازوں اور کھڑکیوں کے فریمز اور پینلز کی تنصیب میں استعمال ہوتی ہے اور یہ جدید فنِ تعمیر میں انتہائی موزوں تعمیراتی مٹیریل میں سے ایک ہے۔ اس مٹیریل کو نصب کرنے میں آسانی اسے انجینئرز کے لیے ایک بہترین انتخاب قرار دیتی ہے۔

شیشہ

شیشہ دورِ حاضر میں استعمال ہونے والا جدید تعمیراتی مٹیریل ہے جو شفافیت اور خوبصورتی کے عنصر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ موسمی شدت کو برداشت کرنےمیں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ شیشہ عام طور پر دیواروں، فرشوں اور چھتوں کی تعمیر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مارکیٹ میں اسمارٹ گلاس سمیت شیشے کی مختلف شکلیں دستیاب ہیں۔ اور اب سرمایہ کار اس میں مزید دلچسپی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سیرامکس

سیرامکس مختلف معدنیات سے بنائے گئے مصنوعی مٹیریل کے طور پر اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے۔ روایتی سیرامکس عام طور پر مختلف دھاتوں اور معدنیات کو ملا کر بنائے جاتے ہیں۔ سیرامکس عام طور پر مضبوط اور پائیدار جبکہ نمی، گرمی اور آگ سے بچاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سیرامکس کو جدید فنِ تعمیر میں کاؤنٹر ٹاپس، سِنک، فرش کی ٹائلیں، فائر پلیسز اور دیگر تعمیراتی مصنوعات مثلاَ اینٹیں بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

پتھر

پتھر سب سے قدیم اور مضبوط تعمیراتی مٹیریل میں سے ایک ہے۔ صدیوں استعمال کے بعد پتھر آج بھی جدید تعمیراتی مٹیریل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ تعمیراتی مٹیریل جدید فنِ تعمیر میں بہت اقسام، رنگوں اور سائز میں دستیاب ہونے کی بدولت عام استعمال کیا جاتا ہے۔ قدرتی پتھر عام طور پر دیواروں، فرشوں، بنیادوں اور دیگر تعمیرات میں استعمال ہوتا ہے۔

لکڑی

لکڑی تعمیراتی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والا وہ واحد مٹیریل ہے جسے نت نئے جدید ڈیزائن اور اشکال میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ لکڑی صدیوں سے تعمیرات میں استعمال ہوتی آ رہی ہے۔ یہ جمالیاتی طور پر دلکش، پائیدار، ماحول دوست، مضبوط، ساونڈ پرُوف اور گرمی سے بچاؤ والا مٹیریل ہے۔ یہ خصوصیات اسے جدید فنِ تعمیر میں استعمال ہونے والا ایک بہترین مٹیریل بناتی ہیں۔ لکڑی عام طور پر دیواروں، فرشوں، فرنیچر، بالائی منزلوں اور چھتوں کی تعمیر کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

بانس

اس کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے ہر جگہ آسانی سے کاشت کیا جاسکتا ہے۔ اور عمارتوں کی تعمیر میں اسے کئی سو سال سے استعمال میں لایا جارہا ہے۔ اس کی تجدید کی بدولت جدید فنِ تعمیر میں اس کا استعمال عام ہے۔ یہ ایک انتہائی پائیدار مٹیریل ہے۔ اس کے علاوہ یہ بنیادوں اور آرائشی مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ بہت سے یہ سمجھتے ہیں کہ بانس ایک نازک مٹیریل ہے حالانکہ حقائق اس کے برعکس ہیں اور یہ ایک مضبوط مٹیریل کے طور پر اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے جسے دنیا بھر میں کچھ مضبوط ترین تعمیراتی ڈھانچے بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بدلتے وقتوں کے ساتھ تعمیرات میں بانس کے استعمال میں بھی جدت آگئی ہے۔