• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیراتی شاہکار مانے جانے والے خوبصورت میوزیم

میوزیم آف دی فیوچر، متحدہ عرب امارات
میوزیم آف دی فیوچر، متحدہ عرب امارات

دنیا میں عجائبات کی کمی نہیں، عجائبات بھی ایسے جنہیں دیکھ کر آنکھیں دنگ رہ جائیں۔ ان تاریخی عجائبات کو میوزیم (عجائب گھروں) میں رکھا جاتا ہے۔ صدیوں سے دنیا بھر کے میوزیم میں ایک ہی چھت کے نیچے مختلف ادوار کی تہذیب وتمدن اور ان سے وابستہ دیگر معلومات متجسس لوگوں کی تشنگی دور کررہی ہوتی ہیں۔ 

میوزیم میں موجود قدیم چیزیں تو لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرواتی ہی ہیں لیکن کچھ ایسے میوزیم بھی موجود ہیں، جو اپنی ڈیزائننگ اور تعمیراتی فن کے سبب دنیا بھر میں کافی مشہور ہیں۔ یہاں داخلے سے قبل ہی عمارت کا آسمان کو چھوتا، حجم میں بڑا اور خوبصورت سا انداز آپ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتا ہے۔ آج ہم آپ سے چند ایسے ہی میوزیم کی تعمیراتی خصوصیات شیئر کرنے جارہے ہیں، جن سے متعلق جاننے کے بعد آپ بھی داد دیئے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔

میوزیم آف دی فیوچر، متحدہ عرب امارات 

دبئی میں دنیا کے سب سے خوبصورت اور جدید ’میوزیم آف دی فیوچر‘ کا افتتاح 22 فروری 2022ء کو کیا گیا تھا۔ دبئی کے شیخ زاید روڈ کے ساتھ نمایاں نظر آنے والا بیضوی نما میوزیم آف دی فیوچر طرز تعمیر کا ایک شاہکار ہے اور دنیا کا ایک اور لینڈ مارک بن گیا ہے۔ یہ میوزیم 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 77 میٹر ہے جبکہ میوزیم کے بیرونی حصے میں 14 ہزار میٹر عربی خطاطی کی گئی ہے۔

یہ کام روبوٹ سے تیار کردہ ایک ہزار 24 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔ میوزیم کو 4 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی سے چلایا جاتا ہے، جسے دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ فیوچر میوزیم صحت، تعلیم، توانائی، ٹرانسپورٹ اور اسمارٹ سٹیز سمیت متعدد شعبوں میں تخلیقی لیباریٹریوں پر مشتمل ہے۔

اسلامک آرٹ میوزیم (قطر)

قطر کا اسلامک آرٹ میوزیم اسلامی فنونِ لطیفہ کے شاہکار کی ایک واضح مثال ہے۔ آپ قطر جائیں اور اسلامک آرٹ میوزیم کی سیر نہ کریں تو سمجھیں آپ کا یہ سفر ادھورا اور نامکمل سا ہے۔ قطر کے اسلامک آرٹ میوزیم کومشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے اور معیاری عجائب گھر کی حیثیت حاصل ہے، جو قطر کے دارالحکومت دوہا میں واقع ہے۔ اس خوبصورت میوزیم کا ڈیزائن پرزکرپرائز وننگ آرکیٹیکٹ I.M. Peiنے بنایا ہے۔ 

اس میوزیم کی پانچ منزلہ عمارت کئی ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے، جو بذات خود فن تعمیر کا ایک عظیم شاہکار ہے۔ اس میوزیم میں بلند گنبد بنایا گیا ہے، جو دن کے وقت سورج کی روشنی اندر کی جانب منتقل کرتا ہے۔ میوزیم میں موجود تقریباً 45میٹر اونچی کھڑکیاں باہر کا مکمل اور خوبصورت منظر پیش کرتی ہیں۔2008ء میں اس میوزیم کا افتتاح کیا گیا تھا۔

آیا صوفیہ(ترکیہ)

ترکیہ کے دارلحکومت استنبول میں واقع آیا صوفیہ(Hagia Sophia) میوزیم بھی اپنی مثال آپ ہے۔ انگریزی میں کبھی کبھار اسے سینٹ صوفیہ بھی کہا جاتا ہے۔ 1985ء میں یونیسکو کی جانب سے اس میوزیم کو عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دیا جاچکا ہے۔

میوزیم بننے سے قبل یہ عمارت مسجد اور اس سے بھی قبل آرتھوڈوکس گرجا گھر کے طور پر جانی جاتی رہی ہے۔1934ء میں جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتا ترک نے آیا صوفیہ کو میوزیم کا درجہ دیا، اس کے بعد تزئین و آرائش کا کام بھی کیا گیا۔

آیا صوفیہ کو قیصر قسطنطنیہ نے 360ھ میں تعمیر کروایا تھا۔ آیا صوفیہ میوزیم کے برابر میں ایک وسیع و عریض رقبے پر پھیلا ہوا توپ کاپی میوزیم ہے۔ یہ ایک زمانے میں سلاطین عثمانیہ کا محل رہا ہے اور اس سے پہلے بازنطینی حکمرانوں کا قلعہ تھا۔

گگین ہیم میوزیم (اسپین)

اسپین کی خوبصورت ترین عمارتوں میں سےایک گگین ہیم میوزیم بھی ہے۔ یہ خوبصورت میوزیم اسپین کے شہر بلباؤ میں دریائے نرون کے کنارے ایک منفرد اور عجیب وغریب تعمیراتی انداز لیے واقع ہے۔ امریکن آرکیٹیکٹ فرینک جیری کی جانب سے اس خوبصورت میوزیم کو ڈیزائن کیا گیا۔ اس میوزیم کا ڈیزائن اس طرز کا ہے، جیسے کسی کشتی (Boat) پر خوبصورت پھول کھلا ہو۔ 

اس میوزیم کے ایکسٹیریئر کے لیے ٹائی ٹینیم، لائم اسٹون(چونے کا پتھر) اور گلاس (شیشے) کاخاص استعمال کیا گیا ہے۔ گگین ہیم میوزیم کا افتتاح 1997ء میں کیا گیا تھا، افتتاح کے بعد سے ہی یہ میوزیم بلباؤ کی معیشت کو فروغ دینے کا سبب بن رہا ہے۔

ڈیجیٹل آرٹ میوزیم (جاپان)

اگر آپ آرٹ کے دلدادہ ہیں تو جاپان کےڈیجیٹل میوزیم کی سیر ضرور کیجیے۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ضلع ادیبہ میں واقع دنیا کے پہلےڈیجیٹل آرٹ میوزیم کا افتتاح 2018ء میں کیا گیا۔ یہ آرٹ میوزیم ایک لاکھ سات ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر محیط ہے۔ ڈیجیٹل میوزیم کو حقیقت بنانے کا سہرا موری بلڈنگ گروپ اور ٹیم لیب کے ماہرین اور دیگر آرٹ ماہرین کو جاتا ہے۔

ڈیجیٹل آرٹ پر مبنی فن پاروں کو 520کمپیوٹرز اور 470 پروجیکٹرز کے ذریعے نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ ٹیم لیب کے شریک بانی ٹوشی یوکی انوکو کے مطابق آرٹ کی کوئی سرحد نہیں اور یہ میوزیم آرٹ کے دلدادہ افراد کے لیے ایک خوبصورت تعمیر ہے، جہاں انٹرایکٹو تیکنیک کے استعمال سے تصویر دیکھنے والا اس کا حصہ بن جاتا ہے۔ کہیں بہتے جھرنے اور کہیں جنگل کی سیر، چھونے پر جیسے منظر ہی تبدیل ہو جاتا ہے۔

تعمیرات سے مزید