• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کی تعمیر کے دوران بیسمنٹ ڈیزائننگ

کسی بھی مکان میں وقت کے ساتھ ساتھ جگہ کی کمی کا سامنا ہونے لگتا ہے۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ تعمیر کے دوران ایسی نقشہ سازی کی جائے کہ بعد میں جگہ کی کمی کا سامنا نہ کرنے پڑے اور ضرورت کے تحت چیزیں ترتیب دی جاسکیں۔ ویسے تو دوران تعمیر کئی چیزوں پر عمل کرکے مکان میں کشادگی حاصل کی جاسکتی ہے لیکن ان میں سے ایک بیسمنٹ کی تعمیر ہے۔

اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیں تو بیسمنٹ بنوائیں یا آپ کے گھر میں بیسمنٹ موجود ہے اوروہ غیر ضروری سامان سے بھری ہونے کی وجہ سے آپ کے استعمال میں نہیں ہے تو آپ اسے صاف کرکے رہائش کے قابل بنائیں تاکہ جگہ کی کمی کا سدِباب کیا جاسکے۔ بیسمنٹ کو استعمال میں لانے سے گھر میں ایک یا دو اضافی کمرے نکل آتے ہیں۔ آئیے آج گفتگو کرلیتے ہیں ا ن ٹرینڈ ز کے بارے میں، جو آپ کے بیسمنٹ کو زیادہ سے زیادہ کارآمد اور جدید بناسکتے ہیں۔

اوپن کچن، ڈائننگ اورلیونگ روم

اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ گھر میں بیسمنٹ کی جگہ بڑی ہے یا چھوٹی، بس یہ بات اہمیت رکھتی ہے کہ آپ نے اس حصہ کو ڈیزائن کس طرح کرنا ہے۔ چونکہ ان دنوں اوپن کچن اور لیونگ روم ٹرینڈ کا حصہ ہیں تو آپ بھی سب سے مقبول ٹرینڈ (اوپن اسٹائل ) کو اپنے بیسمنٹ کے لیے منتخب کرسکتی ہیں، خاص طور پر اس وقت جب آپ کا بیسمنٹ ایریا چھوٹا ہو۔

اوپن اسٹائل کسی بھی چھوٹے حصے کو کشادہ دکھا نے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ بیسمنٹ کے تمام حصے کی فلورنگ کے لیے لکڑی کا انتخاب کیجیےاور اس حصے کو تین پورشنز میں تقسیم کردیں۔ اوپن اسٹائل میں کارنر کی جگہ کو کچن کے لیے منتخب کرتے ہوئے اگلے حصے کو ڈائننگ ٹیبل کے لیے مختص کریں، باقی حصے کو انٹرٹینمنٹ ایریا کے طور پر رکھا جاسکتا ہے، اس حصے میں سٹنگ ارینجمنٹ کو علیحدہ ظاہر کرنے کے لیے رگس بہترین اور سستا انتخاب ہے۔ اس طرز پر ڈیزائن کیا گیا بیسمنٹ ایک وقت میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تھیٹر جیسا انداز

اگرآپ اپنے بیسمنٹ کو خوبصورت اور کچھ مختلف انداز کے میڈیا روم کی طرح ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس دو انتخاب ہیں، ایک تھیٹر لک اور دوسرا اوپن ٹی وی ایریا کی صورت میں۔ نئے برس کے مقبول ڈیزائن اور ٹرینڈز کو فالو کرنے کے لیے ہمارا مشورہ ہے کہ آپ تھیٹر لک اپنائیں، اس مقصد کے لیے آپ دیواروں پر ایسے وال پیپر لگائیں جو اُبھرے ہوئے ہوتے ہیں یا پھر وال کلیڈنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں (ایسا اسٹائل منتخب کریں جو تھیٹر جیسے ماحول کا تاثر دے)۔

اس کے ساتھ مرکزی دیوار پر بڑی سی پلازما اسکرین، ایک دوسرے سے منسلک تھیٹر چیئرز اور فالس سیلنگ کےہمراہ ایل ای ڈی لائٹس آپ کے بیسمنٹ کو مناسب بجٹ کے ساتھ ایک خوبصورت تھیٹر لک دینے میں کامیاب رہیں گی۔

گیسٹ روم

چھوٹے گھروں میں مہمانوں کی آمد بھی مشکل محسوس ہوتی ہے۔ لہٰذا آنے والے برس میں گھر کی تزئین و آرائش یا دوران تعمیر بیسمنٹ ایریا کو ایک آرام دہ، خوبصورت اور جدید گیسٹ روم میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین گیسٹ روم کے لیے بیسمنٹ کے انتخاب کو ایک مقبول ٹرینڈ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

چھوٹا سا گیسٹ روم عموماً بیڈروم اور باتھ روم پر مشتمل ہوتا ہے، تاہم اگر آپ کے بیسمنٹ میں کافی جگہ موجود ہے تو آپ مہمانوں کی سہولت کے لیے یہاں کچن اور اوپن لیونگ روم کا اضافہ کرکے اس حصے کی دلکشی بڑھاسکتے ہیں۔

کثیر الجہت مقاصد

بیسمنٹ کی چھوٹی سی جگہ بھی آپ کی فیملی کے لیے ملٹی ٹاسکنگ ایریا تخلیق کرنے میں معاون ومددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کے پاس جگہ کم اور بجٹ محدود ہے تو بیسمنٹ فلورنگ پر توجہ مرکوز کیجیے۔ ساتھ ہی چند شیلف یا کیبنٹس کا اضافہ کرکے آپ اس حصے کو مختلف مقاصد کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں، مثلا ًشیلف میں کتابوں کی صورت اس حصے کو زیر زمین لائبریر ی جیسا انداز دیا جاسکتا ہے، وہیں یہ حصہ بچوں کے لیے پلے روم کی شکل بھی اختیار کرسکتا ہے۔ 

پلے روم کا انداز دینے کے لیے شیلف کا ایک حصہ کتابوں جبکہ دوسرا حصہ بچوں کے کھلونوں کے لیے مختص کریں۔ اس کے علاوہ میزوں کا انتخاب بچوں کو پڑھانے اور لطف اندوز ہونے کےلیے مزید سودمند ثابت ہوگا۔

واک آؤٹ بیسمنٹ

واک آؤٹ بیسمنٹ کی تعمیر بھی نئے برس مقبول رجحانات میں سے ایک تصور کی جارہی ہے، یہ عام بیسمنٹ سے بے حد مختلف ہوتے ہیں، جن کی ڈیزائننگ گھر کی تعمیر کے دوران ہی کروائی جاتی ہے۔ اس طرز کے بیسمنٹ میں سیڑھی تعمیر نہیں کروائی جاتی بلکہ یہ آپ کے باغ سے منسلک عمارت کانچلا حصہ کہلاتا ہے، جس کا دروازہ باغ کی سمت کھلتا ہے۔ 

اس وجہ سے دن کے اوقات میں یہ حصہ قدرتی روشنی اور خوبصورتی میں ڈوبا نظر آتا ہے۔ ڈائننگ ٹیبل، فانوس اور روشنی کی صورت میں آپ شام کے اوقات کے لیے اس طرح کی انٹیریئر ڈیزائننگ پر غور کرسکتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید