بائیو فیلک شہری منصوبہ بندی کے مثبت اثرات

March 05, 2023

دنیا بھر میں تعمیراتی اور شہری منصوبہ بندی کی صنعتوں میں بائیو فیلک ڈیزائن کے حوالے سے دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ عمارتوں اور عوامی مقامات پر فطرت کو شامل کرنے کی کوشش، لوگوں کی صحت اور تندرستی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پائیداری لانے کی ایک سوچ ہے۔ حالیہ برسوں میں، متعدد محققین نے فطری ماحول میں زیادہ وقت گزارنے اور بہتر جسمانی و ذہنی صحت کے درمیان ٹھوس تعلق دریافت کیا ہے۔ فطرت دماغی صحت پر بہت اچھا اثر ڈالتی ہے۔

بائیو فیلک ڈیزائن فطرت کو شہروں، عمارتوں اور عوامی مقامات پر لا کر لوگوں کو فطرت سے زیادہ قربت حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ کچھ ماحولیاتی انجینئرز دلیل دیتے ہیں کہ سبز عوامی مقامات شہر کے انتظام اور شہری منصوبہ بندی کے اتنے ہی اہم حصے ہیں جیسے مکانات، پانی، خوراک، توانائی، رابطے کا نظام اور صفائی ستھرائی۔ شہروں میں لوگوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ان تمام چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

بائیوفیلک ڈیزائن کیا ہے؟

بائیو فیلک ڈیزائن کیلئے ماہر حیاتیات ایڈورڈ ولسن سے تصورات اخذ کیے گئے ہیں۔ ولسن نے 1984ء میں ’بائیوفیلیا‘ کا مفروضہ پیش کیا۔ اس کا خیال تھا کہ ہمارے دماغوں کی تشکیل اس ماحول سے ہوئی ہے جس میں ہم تیار ہوئے ہیں، اس کی بنیاد ان اشاروں پر اچھی طرح ردعمل دینے کے لیے ہے، جو ہمیں زندہ رہنے میں مدد فراہم کرے گی۔ قدرتی چیزیں جیسے درخت، جھیلیں اور آبی گزرگاہیں ایسے مقامات کو نشان زد کرنے میں مدد کرتی ہیں جو ہماری بنیادی ضروریات جیسے خوراک، پانی اور پناہ گاہ فراہم کرتی ہیں۔

ایک نسل کے طور پر ہمارے وجود کے پہلے 2لاکھ94ہزار سالوں میں، ہم ہمیشہ شہروں سے باہر رہتے تھے۔ جب ہم نے بالآخر تقریباً 6ہزار سال پہلے شہروں کی تعمیر شروع کی تھی، تب بھی ہمارے دماغ، ماحول میں زندہ رہنے کے ان قدرتی نشانات کو دیکھنے اور ان کے قریب ہونے کی خواہش رکھتے تھے۔ درحقیقت، ایک نسل کے طور پر ہم گزشتہ چند دہائیوں میں صرف بنیادی طور پر شہری باشندے بن گئے ہیں۔ لیکن، 2050ء تک یہ تناسب ممکنہ طور پر شہروں میں رہنے والی دنیا کی آبادی کا 70 فیصد تک بڑھ جائے گا۔

بائیوفیلک ڈیزائن ان دو مظاہر کو ایک ساتھ جوڑنے کی کوشش کرتا ہے؛ بائیوفیلیا جس کی وجہ سے ہمارے دماغ قدرتی ماحول کو پسند کرتے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی شہرکاری ہم میں سے زیادہ تر افراد کو قدرتی ماحول سے باہر اور انسان کے بنائے ہوئے مصنوعی ماحول میں لے جاتی ہے۔ بائیو فیلک ڈیزائن درختوں، آبی گزرگاہوں اور عوامی مقامات پر پودوں کو شامل کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

قدرتی شکلیں جیسے منحنی خطوط، بےقاعدہ دھنک کے ڈیزائن اور موٹل لائٹ کو بائیو فیلک عمارتوں کے بیرونی اور اندرونی حصوں میں استعمال کیا جاتا ہے تاکہ وہ ہماری توجہ حاصل کرسکیں۔ اس کی تائید حالیہ سائنس سے ہوتی ہے۔ 2019ء کی ایک تحقیق جس کی سربراہی برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایکسیٹر میں ہوئی، محققین نے پایا کہ ہر ہفتے فطرت کے ساتھ 120 سے 200 منٹ کے درمیان تفریحی رابطہ اچھی صحت یا تندرستی سے وابستہ تھا۔ اس تحقیق میں برطانیہ کے تقریباً 20ہزار شرکاء شامل تھے۔

بائیو فیلک کے فوائد

بائیو فیلک شہری منصوبہ بندی کے شہریوں اور وسیع تر ماحول کے لیے بے شمار فوائد ہیں۔ نفسیاتی حالات جیسے ڈپریشن، بے چینی اور موڈ کی خرابیوں پر فطرت کے مثبت اثرات کے لئے بہت سارے ثبوت موجود ہیں۔ نیند، تناؤ، خوشی، جذبات، سماجی تعاملات، اور یہاں تک کہ زندگی میں معنی کا احساس بھی فطرت میں وقت گزارنے سے مثبت طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔ فطرت میں وقت گزارنے سے توجہ، یادداشت اور تخلیقی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

جسمانی صحت اس وقت بہتر ہوتی ہے جب شہروں میں پودے اور درخت گاڑیوں اور صنعتوں کے ذریعے ہوا میں شامل ہونے والی آلودگیوں اور ذرات کو جذب کرنے کا کام کرتے ہیں۔ فطری مقامات بھی شہروں کی پائیداری کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ مفت ماحولیاتی فوائد فراہم کرتا ہے جیسے صاف ہوا اور پانی، سیلاب سے بچاؤ، اور قدرتی سایہ وغیرہ۔ عمارتوں پر، پودوں سے درجہ حرارت اور ہوا کے معیار کو کنٹرول کرنے اور عمارت کے آب و ہوا کے اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بائیو فیلک ڈیزائن کی مثالیں

سڈنی میں ون سینٹرل پارک، ٹوکیو میں پاسونا گروپ آفسز اور میلان میں بوسکو ورٹیکل جیسی عمارتوں میں پودوں اور درختوں کو ان کے بیرونی، اندرونی حصوں اور زمینی سطح پر تعمیر شدہ ماحول میں شامل کرکے بائیو فیلک ڈیزائن کی خصوصیات حاصل کی گئی ہیں۔ شہری علاقوں کو کئی سالوں سے خوبصورت بنانے کی اسکیموں سے مشروط کیا گیا ہے جس میں فطرت کو شہری ماحول میں واپس لانا بھی شامل ہے۔

برطانیہ میں ایک ابتدائی مثال 1900ء کی دہائی کے اوائل میں گارڈن سٹی کی تحریک ہے جبکہ حالیہ عرصے میں فرانس کی جانب سے Champs-Elysées پر ٹریفک کو بہت زیادہ کم کرنے اور اسے سبز رنگ میں تبدیل کرنا اس روایت کو آج تک جاری رکھے ہوئے ہے۔ لاس اینجلس اور نیو یارک شہر میں وسیع پیمانے پر ہریالی کا پروگرام اس بات کی اچھی مثالیں ہیں کہ امریکا میں مقامی حکومتیں بائیو فیلک ڈیزائن کے فوائد پر کیسے ردعمل ظاہر کر رہی ہیں۔