کھلاڑی کے ہاتھ میں بہترین پرفارمنس دینا ہے، باقی کام سلیکٹرز کا ہے، اسامہ میر

March 06, 2023

ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر اسامہ میر نے کہا ہے کہمیرا ہدف یہی ہے کہ اپنی بہترین پرفارمنس دوں، ایک پلیئر کے ہاتھ میں اپنی بہترین پرفارمنس دینا ہے، باقی کام سلیکٹرز کا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ میر کا کہنا تھا کہ میرا سیزن کافی اچھا جارہا ہے، ڈومیسٹک بھی اچھا ہوا، پی ایس ایل بھی اچھا جارہا ہے۔

اسامہ میر نے کہا کہ جو اعتماد ملا تھا اس کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں، پی ایس ایل تمام نوجوانوں کےلیے اچھا موقع ہے کہ پرفارم کریں اور ٹیم میں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کا ماحول کافی اچھا ہے، ہر کوئی ہر پلیئر کی سپورٹ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہرضوان میں بہترین لیڈر کی تمام خوبیاں موجود ہیں، رزلٹ چاہے کچھ بھی ہو، محمد رضوان اپنے پلیئر کو گرنے نہیں دیتے۔ کراچی کنگز کیخلاف عباس آفریدی کو آخری اوور میں جو اعتماد دیا وہ سب کے سامنے یے۔

اسامہ میر کا کہنا تھا کہ کرکٹر اپنے پورے کیریئر میں سیکھتے رہتا ہے، میں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ پریشر صورتحال کو کیسے ہینڈل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وکٹ لوں، پانچ وکٹیں لوں یا پھر ایک بھی آؤٹ نہ کر پاؤں، کوشش ہے کہ بولنگ ایسی کروں کہ ٹیم کو جیت ملے۔

نوجوان آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہر میچ کی صورتحال کو پڑھ کر اس کے مطابق بولنگ کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اگلی انٹرنیشنل اسائنمنٹس کےلیے موقع ملا تو میں اس کےلیے تیار ہوں۔

اسامہ میر کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سال میں کافی محنت کی ہے، پُراعتماد ہوں کہ چانس ملا تو بہترین کھیلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے اگلا میچ ہے، کوشش کریں گے کہ ان کیخلاف اچھا کھیل پیش کریں۔

ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کا اسٹائل کیا ہے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹم ڈیوڈ نے ملتان کو جوائن کرلیا ہے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں پچھلے میچ والی غلطیاں نہ کریں۔