• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذاتی اہداف اپنی جگہ، میرے لیے اہم ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہے، عبداللّٰہ شفیق


لاہور قلندرز کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین عبداللّٰہ شفیق نے کہا ہے کہ ذاتی اہداف اپنی جگہ، میرے لیے اہم بات ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی بات چیت میں عبداللّٰہ نے کہا کہ پی ایس ایل میں اپنی پرفارمنس، ٹیم کی مجموعی پوزیشن پر خوش ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے ماحول کافی اچھا بنا رکھا ہے، پلیئرز کو اپنا نیچرل گیم کھیلنے کی آزادی ہے۔

عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، بطور کپتان شاہین نے سب کو اٹھا کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کرکٹر کو صرف ایک فارمیٹ کا کہہ دینا ٹھیک بات نہیں ہوتی، بنیادی کرکٹ ہر فارمیٹ میں ایک ہی ہے۔

عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ اہم یہ ہے کہ کون سا پلیئر کتنی محنت کرتا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں اسٹرائیک ریٹ کی ضرورت ہوتی ہے اس کو برقرار رکھتا ہوں۔

لاہور قلندرز کے بیٹر کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار سیکھوں اور کھیل بہتر کروں، کبھی کسی کو دیکھ کر سیکھتا تو کبھی کسی سے پوچھ کر سیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں خود کو پہلے سے بہتر ثابت کروں۔

ساتھی کھلاڑیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ فخر زمان اور سیم بلنگز سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ٹیم کو کامیابی دلوانی ہے، آگے کا نہیں سوچ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک بہترین ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہین، حارث، راشد کا سامنا نہیں کرنا یہ میرے لیے اچھی بات ہے، ٹاپ بولرز کو نیٹ پر کھیل کر میری کافی اچھی تیاری ہوجاتی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید