نت نئے ڈیزائن کے حامل دورِ جدید کے سینیٹری ویئرز

March 12, 2023

دورِ جدید میں مکان کی تعمیر اور تزئینِ نو کروانا ایک خواب کی مانند محسوس ہوتا ہے کیونکہ اس مد میں اچھی خاصی رقم خرچ ہوتی ہے۔ تاہم، جو لوگ مکان کی تعمیر اور تزئینِ نو کرواتے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ تعمیرات بہتر سے بہتر ہوں، اور اس میں معیاری تعمیراتی مواد اور جدید سامان استعمال کیا جائے تاکہ گھر دورِجدید سے ہم آہنگ نظر آئے۔

مکان کی تعمیر اور تزئینِ نو کے دوران ویسے تو ہر حصے پر دھیان دیا جاتا ہے لیکن مکان کے کچھ حصے ایسے ہوتے ہیں جہاں پانی کا استعمال یا پانی کا گزر ہوتا ہے۔ گھر کے ان حصوں کو خوبصورت دکھانے کے لیے وہاںدلکش انداز کے ٹائلز اور دیگر سینیٹری ویئرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ بالخصوص کچن اور باتھ روم ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہیں، جن کا جدید اورباسہولت ہونا آپ کے لیے آرام کا باعث بنتا ہے۔ ویسے بھی ایک ایسی جگہ، جہاں گھر کے ہر فرد کا روزانہ کچھ نہ کچھ وقت گزرتاہو تو کیوں نہ وہاں نئے اور جدید ٹرینڈز کے حامل سینیٹری ویئر لگائے جائیں۔

سینیٹری ویئر عموماً پورسلین مٹیریل کے بنے ہوتے ہیں، جو کہ سیرامک کی ایک قسم ہے۔ تاہم ، وقت کے ساتھ ساتھ اب مختلف مواد سے سینیٹری کا سامان تیار کیا جانے لگا ہے، جن میں دھاتیں، ایکریلیک، شیشہ اور دیگر شامل ہیں۔ آج کل مارکیٹ میں بہت دلکش، استعمال میں آسان اور کم جگہ گھیرنے والے سینٹری ویئرز دستیاب ہیں، جو مختلف رنگوں میں مل جاتے ہیں۔ آپ باتھ روم میں منفرد طرز کے بیسن، نلکے اور باتھ ٹب وغیرہ نصب کروا سکتے ہیں۔ ماہرانہ فنکاری اور جدیدطرز پر تعمیرکیا گیا باتھ روم الگ ہی نظر آتا ہے۔

سنہرے رنگ کی ٹائلز، واش بیسن، کموڈ اور دیگر سامان پرمشتمل باتھ روم حسین امتزاج فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سفید، سیاہ ، نیلا، مہرون، سبز اور سرمئی رنگ بھی کافی جچتا ہے۔ آئینوں اور شیشوں سے مزین باتھ روم میں مختلف مواد سے بنے جاذب نظر واش بیسن، کموڈ اورباتھ ٹب لگائے جاسکتے ہیں۔ رنگین آئینوں کے ساتھ اسی رنگ کے شیشے سے بنے فریم عمدہ منظرپیش کر سکتے ہیں، بالخصوص جب باتھ روم کی تنصیبات پر روشنی منعکس ہوکر پڑتی ہو۔

ٹائلز

فرش کے لیے ٹائلز کے خوبصورت ڈیزائن بھی باتھ روم کو دلکشی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ باتھ روم کو نمی اور سیپیج سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی فرش کے لیے خوبصورت رنگوں والی ٹائلز استعمال کی جاتی ہیں جبکہ دیواروں کو سیرامک ٹائلز یا پتھروں سے سجایا جاسکتا ہے ۔ باتھ ٹب اور واش بیسن کے احاطے پر بھی ٹائلز لگائے جاسکتے ہیں تاکہ اس کی دیواریں نمی اور پانی کے چھینٹوں سے محفوظ رہیں۔

سبز رنگ کے دلفریب سلیٹی ٹائلز اور ان پر بنے جیومیٹری کے شاندار ڈیزائن باتھ روم میں موجود واش بیسن، باتھ ٹب اور کموڈ کو کمپلیمنٹ کرتے ہیں۔ بھورے رنگ کے ٹائلز سے مزین فرش کے ساتھ شیشےکے خوبصور ت ڈیزائن والے فریم باتھ روم کو منفرد اور ممتاز بناسکتے ہیں۔ پالش شدہ ماربل کی چمکدار ٹائلز کو گیلا ہونے سے محفوظ رکھنےکے لیے ان پر میٹ بچھایا جاسکتا ہےاور ساتھ ہی روشنی کے شاندار زاویوں سے باتھ روم کو صاف وشفاف اور نفیس دکھایا جاسکتا ہے۔

واش بیسن

واش بیسن کو کیبنٹس اور درازوں کے اوپر بھی نصب کیا جاسکتا ہے جس کے لیے کاؤنٹر بنانا پڑتا ہے۔ واش بیسن کے انوکھے اندازکے ساتھ دیواروں پر خوبصورت پینٹنگز بناکر یا تصویریں لگاکر باتھ روم کو منفرد بنایا جاسکتا ہے۔ جدید ڈیزائن کے واش بیسن (گول یا بیضوی)کی تنصیب کم جگہ پر بھی ہوجاتی ہے اور یہ استعمال میں مضبوط اور پائیدار ہوتے ہیں۔

اس طرح کے جدید ڈیزائن ہوٹلز اور مالز وغیرہ میں بھی لگے نظر آتے ہیں جو ایک چھوٹی فیملی کو استعمال میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ پورسلین سے بنے سفید رنگ والے واش بیسن کے ساتھ شوخرنگ وروغن کرنے سے باتھ روم میں دلکشی آجاتی ہے۔ روشنی کے بھرپور اور منفرد انتظام کے ساتھ دیواروں پر کیا گیا سفید رنگ اور واش بیسن کا بھورا رنگ مثالی آرٹ کا نمونہ پیش کرسکتا ہے۔

باتھ ٹب

واش بیسن کے لیے مخصوص جگہ اور اس کے ساتھ باتھ ٹب کی اُونچی مگر محفوظ تنصیب ایک اچھوتا خیال ہے۔ باتھ ٹب کو باقی حصے سے الگ کرنے کے لیے پردے یا شیشے کے فریم کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر جگہ کی کمی کی وجہ سے آپ باتھ ٹب نہیں لگاسکتے تو نہانے کی جگہ کو شیشے کی دیوار کے ذریعے واش بیسن اور کموڈ سے الگ کیا جاسکتا ہے۔

نلکے

باتھ روم اور کچن کے لیے ایک ہینڈل والے نل (سنگل بال ٹیپ) کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس نل (faucet) کی پیچ دار ٹونٹی گول شیپ کی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ان نلوں کو بال ٹیپ کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈسک ٹیپ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اسے ماہرین فوسیٹ کی ایڈوانس ٹیکنالوجی میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔

یہ نل بھی سنگل ہینڈل ہوتے ہیں لیکن اپنی جداگانہ اور خوبصورت شیپ کی بدولت باتھ روم میں دلکش اضافہ ثابت ہوتے ہیں۔ ماڈرن ٹچ دینے کے لیے دو ہینڈل پر مشتمل گولڈن کلر اسکیم نل استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ یہ نل دیگر اقسام کے مقابلے زیادہ پائیدار ثابت ہوں گے، جنہیں بغیر پریشر دیے کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔

دیگر سامان

بھورے رنگ والے واش روم میں نہانے کی جگہ کو شیشے کی دیوار سے جدا کیا جاسکتا ہے۔ نہانےکا کیبن عموماً شیشے کا ہی بنایا جاتا ہے، اس کے ساتھ لکڑی کے طاقچوں میں بیل بوٹوں کی سجاوٹ قابل دید لگتی ہے۔ اگر باتھ روم کشادہ ہے تو گملوں میں خوبصورت پودے بھی رکھے جاسکتے ہیں، اس طرح وہ اور بھی منفرد انداز پیش کرے گا۔ واش بیسن اور سینیٹری فٹنگز کے عقب میں شیشے سے بنی چھوٹی سی کیبنٹ باتھ روم میں اشیا رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔