اسکاٹ لینڈ میں چور غلطی سے اپنے ہی بیٹے کو لوٹنے پہنچ گیا

March 12, 2023

—فائل فوٹو

اسکاٹ لینڈ میں ڈکیتی کی عجیب کوشش نے کئی لوگوں کو حیران جبکہ کئی کو ہنسنے اور سوچنے پر مجبور کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اے ٹی ایم مشین میں ایک شخص نے نوجوان کو چھری سے حملہ کرنے کی دھمکی دے کر لوٹنے کی کوشش کی تو اس دوران پتہ چلا کہ چور باپ اپنے ہی بیٹے کو لوٹ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں45 سالہ باپ نے چہرے پر ماسک پہن کر اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والے شخص کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 17 سالہ لڑکے نے اے ٹی ایم سے 10 پاونڈز کی رقم نکلوائی تو اسے پیچھے گردن سے دبوچ کر ایک شخص نے پیسے دینے کا مطالبہ کیا۔

لڑکے کے مطابق اس نے پیسوں کا تقاضہ کرنے والے شخص کی آواز پہچان لی کہ وہ اس کا والد ہے اور وہ حیران رہ گیا۔

اس موقع پر لڑکے نے اپنے والد سے کہا کہ کیا آپ واقعی ایسا کر رہے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ میں کون ہوں؟

لڑکے کی بات پر چھری تھامے شخص نے کہا کہ مجھے کوئی پرواہ نہیں۔

یہ بات سن کر لڑکے نے پلٹکر کہا کہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ جس پر والد نے کہا کہ مجھے معاف کر دو میں مجبور ہوں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لڑکے نے موقع سے بھاگ کر پولیس کو شکایت کرنے سے پہلے سارا واقعہ اپنے گھر والوں کو بتایا۔

رپورٹس کے مطابق ملزم کو بعدازاں گرفتار کرلیا گیا جس نے اس واقعے کا اعتراف بھی کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملزم کو 26 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔