سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتاری کا شبہ، کارکنوں کو احتجاج کی کال دے دی

March 18, 2023

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلے ہفتے اپنی گرفتاری کا شبہ ظاہر کر دیا،گرفتاری کی صورت میں کارکنوں کو احتجاج کی کال دے دی۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک بدعنوان اور سیاسی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر سے غیر قانونی لیکس میں اشارہ ملا ہے کہ معروف ریپبلکن امیدوار اور سابق امریکی صدر کو اگلے ہفتے منگل کو گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ احتجاج کے لیے واپس آئیں گے، ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی ممکنہ گرفتاری کن الزامات کے تحت ہوگی۔

واضح رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کا دفتر 2016 کی انتخابی مہم میں ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن کی جانب سے فلم اسٹار اسٹورمی ڈینئلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم دینے کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔