لاڈلے کو رعایت دے کر قانون کی بالادستی خام خیالی ہوگئی، وفاقی وزراء

March 20, 2023

لاہور (اے پی پی، جنگ نیوز) وفاقی وزاء کا کہنا ہے کہ لاڈلے کر رعایت دے کر قانون کی بالادستی محض خام خیالی ہوگی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان عدالتوں کو دھمکاتے ہیں، عدالت سےریلیف دیکر انصاف کا قتل کیا گیا، 8 منٹ میں 8 ضمانتیں منظور ہوئیں ، ایک دہشت گرد کی سہولت کاری کی جا رہی ہے، عدلیہ اور اداروں کی پراسرار خاموشی ملک کیلئے خطرناکہےجبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا عمران خان کھلم کھلا بغاوت کی دعوت دے رہے ہیں، سیاستدان جتھے لے کر حملہ آور نہیں ہوتے، پی ٹی آئی قیادت کی سوچ نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے اور اگر میں نہیں تو کوئی نہیں ،یہ سیاسی سوچ نہیں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں انصاف غلیلوں اور کلاشنکوف سے خوفزدہ ہے، عمران خان ریاست کی رٹ کے ٹکڑے کر رہے ہیں، لاڈلے کو رعایت دےکر قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی، یہ سلسلہ نہ رکا تو ہرگلی سے جتھے نکلیں گے اور قانون و آئین اور انصاف پر اسی طرح حملہ آور ہونگے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں عمران خان کے گھر آپریشن میں کلاشنکوف، پیٹرول بم اور دہشت گرد نکلے، عمران خان کے پاس اپنی چوریوں کا کوئی جواب نہیں، اس لیے وہ پورے ملک کو جلارہے ہیں، فرد جرم رکوانے کیلئے سب حربے استعمال کیےگئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار چھن جانے پر پاگل ہوچکے ہیں، وہ سیاسی دہشت گرد ہیں، اگر عمران خان کی جان کو خطرہ تھا تو کل کیا ہوا؟ کل پولیس کی گاڑیوں اور شہریوں کی موٹر سائیکلوں پر حملےکیےگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت دن رات عمران خان کا ڈالا ہوا گند صاف کر رہی ہے، عمران خان ملک کو دیوالیہ کرگئے۔