کینیڈا: اسکول میں چاقو حملے سے 3 طلبہ زخمی، ایک طالبعلم گرفتار

March 20, 2023

واقعے کے بعد پولیس اسکول کے باہر موجود ہے۔

کینیڈا کے صوبے نووا اسکاٹیا کے ہائی اسکول میں چاقو حملے سے 3 طلبہ زخمی ہوگئے، پولیس نے ایک طالبعلم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صبح ساڑھے 9 بجے بیڈفورڈ کے ہائی اسکول میں ہتھیار کی شکایت موصول ہوئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ افسران اسکول گئے اور ایک طالبعلم کو حراست میں لے لیا، 3 طلبہ چاقو حملے سے زخمی تھے۔

زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے بیان میں واقعے سے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

اسکول نے ساڑھے دس بجے باقی دن کی تمام کلاسیں ملتوی کر کے طلبہ کو چھٹی دے دی۔

پولیس نے مزید کسی خطرے کے پیش نظر باقاعدہ طور پر اسکول کی تلاشی بھی لی۔