مارگلہ ہلزنیشنل پارک ایریا میں تیندوے کو بے دردی سے مار دیا گیا، نامعلوم افراد عضاء کاٹ کر ساتھ لے گئے

March 21, 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) مارگلہ ہلزنیشنل پارک کے علاقے شاہدرہ ویلی میں تیندوے کو بے دردی سے مارنے اور نامعلوم افراد کی طرف سے اس کے اعضاء کاٹ کر ساتھ لے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہےجس میں نامعلوم افراد تیندوےکو مارنے کے بعداس کے جبڑے، ٹانگیں اور دم کاٹ کر ساتھ لے گئے۔اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈنے واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کیلئے تھانہ بارہ کہو میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دیدی ۔درخواست میں کہا گیا کہ ایکسرے رپورٹ کے مطابق تیندوے کو 11 گولیاں ماری گئیں ، نامعلوم افراد نے تیندوے کی دم، ٹانگ اور جبڑے غائب کردیئے ، تیندوے کی ہلاکت کی وجوہات مٹانے کیلئے جسم میں کچھ چیزیں پیوست کی گئیں، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 مارچ رات کے وقت شاہدرہ کے علاقے میں تیندوے کی ہلاکت کی خبر ملی، 20 مارچ کو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تیندوے کی باڈی کو ریسکیو سینٹر منتقل کیا،درخواست میں کہا گیا ہے کہ وائلڈ لائف آرڈیننس کے تحت تیندوے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا جائے ، چیئرپرسن وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ راعنا سعید نے کہا ہے کہ شاہدرہ کا علاقہ مارگلہ ہلز کے کونے پر خیبرپختونخوا کے ساتھ واقع ہے، شکار کو روکنے کیلئے علاقے میں سی ڈی اے کے تعاون سے چیک پوسٹ قائم کررہے ہیں۔