توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست غیر مؤثر قرار

March 21, 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نےتوشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست غیر مؤثر قرار دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری کی فائل گم ہونے پر آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی جس کے دوران عمران خان کی طرف سے وکلاء خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر عدالتِ عالیہ میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حاضری کی فائل گم ہونے پر ٹرائل کورٹ سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ حاضری کی فائل کی گمشدگی سے متعلق 10 دنوں میں رپورٹ پیش کریں۔

واضح رہے کہ سیشن عدالت میں 18 مارچ کو توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کی حاضری کے دستخط والی فائل غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

سیشن عدالت نے اس روز جوڈیشل کمپلیکس آمد پر عمران خان کے وارنٹ منسوخ کر دیے تھے۔