امریکا میں شہری لیبارٹری میں تیار مرغی کا گوشت کب سے کھا سکیں گے

March 22, 2023

فائل فوٹو

امریکا میں لیبارٹری میں بنائے جانے والے مرغی کے گوشت کو شہریوںکے استعمال کے لیے فروخت کرنے کا گرین سگنل ملنے کا امکان ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق شہری جانوروں کے خلیوں سے تیار کی جانے والی چکن کو خریدنے کے قابل ہونے سے ایک قدم اور قریب ہوگئے ہیں جسے لیبارٹری میں تیار شدہ گوشت بھی کہا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس طرح کے چکن پروڈکٹ بنانے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس حوالے سے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا ہے۔

اس حوالےسے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کمپنی کو بھیجے گئے خط میںکہا گیا ہے کہ یہ پروڈکٹ امریکا میں فروخت کے لیے محفوظ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ ایک بڑا قدم ہے لیکن خریدار ابھی اس گوشت کو خرید نہیںسکیں گے، صارفین کو فروخت کرنے کے لیے کمپنی کو امریکی محکمہ زراعت سے گرین سگنل ملنا باقی ہے۔

امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے منظوری لینے کے لیے محکمہ زراعت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی کو لیب میںتیار کیا گیا گوشت فروخت کرنے کی اجازت کب ملے گی اس حوالےسے کوئی وقت نہیںدیا جاسکتا تاہم اس کمپنی کے مرغی کے تیار کیے گئے گوشت کو 2020ءمیں سنگاپور میں فروخت کی اجازت مل گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اس کمپنی کا تیار کیا گیا گوشت 2020ء سے سنگاپور کے ریسٹورنٹس میں خریداروں کے لیے دستیاب ہے۔