کراچی ایئرپورٹ پر جدید فیشل ریکیگنیشن نظام فعال

March 23, 2023

—فائل فوٹو

کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید فیشل ریکیگنیشن (چہرے کی شناخت) نظام (ایف آر ایس) فعال کر دیا گیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کو ایف آر ایس کنٹرول روم میں ان کی ذمے داری سونپ دی گئی۔

نگرانی کے مقاصد کے لیے سی سی ٹی وی روم میں ڈیوٹیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پراجیکٹ کی نگرانی، دیکھ بھال اور انتظامی امور سول ایوی ایشن دیکھ رہا ہے۔

ایف آئی اے ٹیکنالوجی کو اینٹی ہیومن اسمگلنگ اور دیگر جرائم روکنے کے لیے استعمال کرے گا۔

ترجمان کے مطابق دونوں اداروں نے باہمی اشتراک سے ایف آر ایس نظام کے لیے عملہ تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سی اے اے کے ترجمان کے مطابق ایئر پورٹ منیجر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے دستاویز پر دستخط کیے۔

اس نظام سے متعلقسی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قانون نافذ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

سی اے اے کے ترجمان نے بتایا کہ واچ لسٹ پر درج چہروں کی اس نظام سے ایئرپورٹ پر شناخت اور کھوج لگائی جاسکے گی۔

ترجمان کے مطابق یہ نظام کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے ہوائی اڈوں پر بھی نصب ہے۔