ہم کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے، آئی جی پنجاب

March 23, 2023

آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور کا کہنا ہے کہعمران خان کو قتل کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی،ہم کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

لاہور پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ عمران خان کے پولیس پر لگائے الزام میں کوئی سچائی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے الزامات پر ہر سطح پر سامنا کرنے کو تیار ہیں، جوڈیشل کمیشن ہو یا کسی سطح پر تحقیقات، اپنی ٹیم کے ساتھ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس والے قصوروار نکلے تو سزا دیں ورنہ الزام لگانے والے کو سزا دیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے، جلسے اور جلوس میں پولیس پورا تحفظ فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس پر حملہ کرنے والے کو پسپا ہی نہیں بلکہ قلع قمع کرنا ہے، پولیس پر گولی چلے گی تو جواب گولی سے دیا جائے گا، کسی بھی جگہ دہشتگرد ہو، نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء، جہیز فنڈز اور دوسرے ویلفیئر کے فنڈز ڈبل کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کا کامقابلِ تعریف ہے، انہوں نے برسوں پرانی 13 ہزار اپیلیں نمٹائیں۔