وَن بارینگرو... سڈنی کا سب سے اونچا ٹاور

March 26, 2023

2013ءمیں، ولکنسن ایئر (WilkinsonEyre) نامی آرکیٹیکٹ ڈیزائن فرم نے آسٹریلیا کے خوبصورت شہر سڈنی میں عمارت کی تعمیرکے لیے ایک بین الاقوامی ڈیزائن مقابلہ جیتا۔ آرکیٹیکٹ فرم نے دلفریب سڈنی ہاربر پر ایک اعلیٰ معیار کا تاریخی ڈیزائن بنانے کے لیے ایسی تجاویز پیش کیں جو نہ صرف شہر کی رونقوں کو دوبالا کرے بلکہ پانی کے سامنے ایک مضبوط عمارت بھی ہو۔ وَن بارینگرو (One Barangaroo) نامی اس عمارت کی تعمیر دسمبر 2020ء میں مکمل ہوئی، جس کے بعد سے یہ عمارت سڈنی کا سب سے اونچا ٹاور بن گئی، جو کہ شہر کا سب سے نمایاں سکس اسٹار ہوٹل بھی ہے، جہاںسے سڈنی ہاربر اور اوپیرا ہاؤس کا دلکش نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کی تعمیر نےعمارت اور پانی کے درمیان تعلق کا ایک ایسا منظر پیش کیا ہے، جو بے مثال ہے۔

سڈنی کی اسکائی لائن وَن بارینگرو چونکہ سڈنی ہاربر پر ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، اس لیے پانی کے بہاؤ اور عمارت میں مثبت ہم آہنگی پیدا کرنے کے بارے میں محتاط غور و فکر کی ضرورت تھی۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے آرکیٹیکٹ ڈیزائن فرم نے بارینگرو ڈیلیوری اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کیا، جو کہ بارینگرو کے علاقے کی ترقی اور انتظام کے لیے ذمہ دار سرکاری ایجنسی ہے، تاکہ مقامی ثقافتی، ماحولیاتی اور اقتصادی مسائل کو سمجھنے کے لیے ایک حساس اور مناسب اسکیم فراہم کی جا سکے جو بارینگرو کے ویژن اور ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔

ٹاور کا ڈھانچہ کنکریٹ سے تعمیر شدہ ہے جبکہ پوڈیم میں ہائبرڈ اسٹیل اور کنکریٹ کا ڈھانچہ ہے۔ عمارت کے مرکزی ڈیزائن کا تصور تین حصوں پر مشتمل ہے۔ ایک حصہ چار منزلہ پوڈیم کی صورت میں ہوٹل کی رہائش اور متعلقہ سہولیات کی تشکیل کے لیے مختص ہے، جبکہ باقی دو بل کھاتے ایک ساتھ جڑے رہائشی ٹاور بناتے ہیں۔ 275میٹر بلند یہ عمارت شہر کے مرکزی بزنس ڈسٹرکٹ کے شمال مغربی کونے میں سمندر کے سامنے ایک متاثر کن نیا بصری نشان فراہم کرتی ہے۔

مجسمہ دکھائی دینے والی یہ عمارت ڈارلنگ ہاربر پر دن بھر روشنی کو مختلف زاویوں سے حاصل کرتی اور پھیلاتی ہے، جس سے سڈنی کے مرکزی بزنس ڈسٹرکٹ میں عمارتوں کی آرتھوگونل جیومیٹری کے مقابلے میں ایک تازگی پیدا ہوتی ہے۔ خم دار پوڈیم (ہوٹل کی چار منزلہ عمارت) کی وسیع چھت پر ماربل سے آرائشی کام کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف سایہ حاصل ہو بلکہ پوڈیم کو روشن بھی رکھے۔

وَن بارینگرو کی تعمیر کے دوران معماروںکے لیے اس کی جیومیٹری خاص طور پر چیلنجنگ تھی۔ ٹاور کی بنیاد تقریباً شمال جنوبی محور پر واقع ہے جبکہ اوپر کی جانب جہاں سے یہ بَل کھاتا ہے اس کا رُخ پُل اور اوپیرا ہاؤس کی طرف مرکوز ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ عمارت کی جیومیٹری بنیاد سے اوپر تک تقریباً 60ڈگری گھومتی ہے۔ ٹاور کے سامنے کا حصہ ڈیزائن کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کا سہارا لیا گیا۔

اس کے لیے ایک سرکلر عمل تیار کیا گیا جس سے عمارت کی جیومیٹری کو ایڈجسٹ کرنے، شیشے کے انفرادی ٹکڑوں سمیت بہت سے پہلوؤں کے بارے میں ڈیٹا کی جانچ کرنے اور مزید بہتر عمارت تعمیر کرنے کے لیے اسے دوبارہ ماڈل میں شامل کرنے کی اجازت ملی۔ عمارت کا بیرونی حصے کا 40فیصد مکمل طور پر موصل ہے۔ اس میںلگائے جانے والے پینلز کو عمارت کی جیومیٹری کے حساب سے خم دار نصب کیے گئے ہیں۔

وَن بارینگرو عمارت کی ڈیزائننگ میںعمودی رُخ کو برقرار رکھتے ہوئے بیرونی سطح میں 60ڈگری بَل کے ساتھ احاطے کے ارد گرد متغیرپیچ دار ستون بنائے گئے ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائنرز میئر ڈیوس نے ٹاور کی انٹیریئر ڈیزائننگ میں ناقابل یقین خیالات اور تھیمز متعارف کروائے ہیں۔ ٹاور کی مرکزی سیڑھیاں اور ایٹریئم اپنی ہیئت میں بذاتِ خود شاہکار بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، بہت سے آپریشنل پہلوؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان میں تمام اپارٹمنٹس کے لیے کھڑکیاں، چھت پر فوٹو وولٹک، مؤثر فکسچر اور فٹنگز، اور ایک سینٹرلائزڈ کنٹرول مینجمنٹ سسٹم جو استعمال میں نہ ہونے والے اپارٹمنٹس اور ہوٹلوں کے کمروں کو ذہانت کے ساتھ بند کر دیتا ہے۔ اس منفرد تعمیراتی ڈھانچے کی ہر منزل میں زیادہ سے زیادہ رہائشی جگہ، قدرتی روشنی، وینٹی لیشن اور سڈنی ہاربر کے شاندار نظاروں کے مواقع موجود ہیں۔

معتدل آب و ہوا اور پانی کے کنارے کی ترتیب سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے اندرونی اور بیرونی جگہوں کے ہموار انضمام پر زور دیا گیا ہے۔ زمینی سطح پر، عمارت کو مغرب کی جانب پانی کے سامنے جبکہ مشرق اور شمال کی طرف پارکس کی طرف سے کلیدی راستوں کے ساتھ جوڑا گیا ہے تاکہ اسے فطرت سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ وَن بارینگرو میں بنائے گئے اعلیٰ درجے کے کیفے، دکانیں اور ریستورانوں نے اسے سڈنی کے مکینوں اور سیاحوں کے لیے ایک نئی عالمی معیار کی عمارت کی قطار میں لاکھڑا کیا ہے۔

عمارت کے ابتدائی خاکہ کے تصورات سے لے کر ریاستی اداروں سے منصوبہ بندی کی اجازت اور تعمیراتی سائٹ کے حصول تک، آرکیٹیکٹ ڈیزائن فرم نے دلچسپی رکھنے والے تمام لوگوں کو مثبت انداز میں منسلک کرنے کو یقینی بناتے ہوئے شہر اور مقامی مفاداتی گروپوں کے لیے ڈیزائن کے وژن کو واضح کیا۔ وَن بارینگرو کی تعمیر کے دوران، ہوٹل نے بارینگرو کے علاقے کی صفائی میں نمایاں تعاون کیا اور 300 سے زیادہ درخت لگائے۔

وَن بارینگرو نے نیو ساؤتھ ویلز کے لیے 2ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا کیں اور آسٹریلوی فنکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے سینکڑوں فن پاروں کو جگہ دی۔ یہ ٹاور عالمی سطح پر نئے سیاحتی مقام کے طور پر اپنی پہچان بنا رہا ہے، جس سے سڈنی کو دیگر عالمی مقامات کے ساتھ مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے اور یہ لاکھوں بین الاقوامی اور ملکی سیاحوں کے لیے توجہ کا تاریخی مرکز بن جاتا ہے۔