خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

March 29, 2023

فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی دینے کیس میں عمران خانکے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کی۔

عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں سول جج ملک امان نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

جج نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ان کو 18 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

وقفے کے بعدسماعت شروع ہوئی تو پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی، گزشتہ سماعت پر جج نے کہا کہ بہت بار استثنیٰ دیا جاچکا۔

پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں، صرف ان کے وکلاء کے دستخط ہیں۔

استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے، پراسیکیوٹر کی استدعا

پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے۔

راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، حاضر نہ ہونے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔

اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے وکلاء نے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کی۔

عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہیں،وکیل صفائی

وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہیں، جان کو خطرہ ہے، ان سے سیکیورٹی واپس لینے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے۔

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ابھی تک کوئی پیش نہیں ہوا، دیکھتے ہیں وہ کیا کہتے ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی اسلام آباد ہائی کورٹ جا رہا ہو۔

جج ملک امان نے کہا کہ آپ بیشک چلے جائیں، آپ کے دلائل تو آگئے ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کیا تھا۔

عمران خان آج اسلام آباد کچہری میں دو مختلف عدالتوں میں طلب

عمران خان کو آج اسلام آباد کچہری میں دو مختلف عدالتوں نے طلب کر رکھا ہے۔

خاتون جج دھمکی کیس میں سول جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کو طلب کر رکھا ہے جبکہ لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان کو سول جج مبشر حسن چشتی نے طلب کر رکھا ہے۔

خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کو کیس کے نقول دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔

سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں بدل دیا تھا۔