ایف آئی اے میں پی آئی اے جعلی ڈگری کیسز التوا کا شکار

March 29, 2023

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے جعلی ڈگری کے کیسز التوا کا شکار ہیں۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے مراسلے کے ذریعے تمام زونل ڈائریکٹرز سے کیسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

مراسلے میں کہا گیا کہ پی آئی اے پائلٹس کے لائسنس منسوخی کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی جائیں، جن پائلٹس نے استعفے دیے ان کے استعفے کیوں منظور نہیں کیے گئے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہونے والے افسران کے کیسز کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جائے، بھرتی ہونے والے اور بھرتی کرنے والے افسران کے خلاف کیا پیشرفت ہوئی۔

ایف آئی اے مراسلے میں یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کیسز پر 2 سال سےجاری تحقیقات کے حوالے سے بریف کیا جائے، بتایا جائے اس دوران کیا مزید نئے مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے تمام زونل ڈائریکٹرز کو فوری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔