فرانس میں بی بی فاطمہ الزہرہؓ کا یوم وصال انتہائی عقیدت سے منایا گیا

March 31, 2023


دنیا بھر کی طرح فرانس میں بھی جگر گوشۂ رسولﷺ بی بی فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کا یوم وصال انتہائی عقیدت سے منایا گیا۔

اس سلسلے میں خان غلام مرتضیٰ، صدر حسن و حسین ویلفیئر کی رہائش گاہ پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ایک محفل منعقد کی گئی۔

اس محفل میں معروف نعت خواں حافظ معظم نے عقیدت مندی کا اظہار کرتے ہوئے نعتیہ کلام پیش کیا۔

ڈاکٹر سید کمال حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی فاطمہ الزہرہ سلام‌ اللہ علیہا وہ خاتون ہیں جن کو ایک منفرد مقام حاصل ہے، کہ وہ پیغمبر اسلام محمدﷺ کی صاحبزادی، حضرت علیؓ کی زوجہ اور امام حسنؓ اور امام حسینؓ کی والدہ ہیں۔

علاوہ ازیں ذکر اہلیبیت کا بیان کیا گیا، بعدازاں خان غلام مرتضیٰ کے والدین کی مغفرت اور اعلی درجات کے لئے دعا کی گئی۔ دعا میں وطن عزیز پاکستان اور فرانس کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی دعا کرائی گئی۔

تقریب کے اختتام پر حاضرین کے لئے خصوصی روزہ افطاری کا بندوبست کیا گیا تھا۔