بلوچستان: طوفانی موسم میں شدت، لینڈ سلائیڈنگ

April 02, 2023

—فائل فوٹو

صوبۂ بلوچستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں متاثرہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو گیا جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہچمن میں کوہ سلیمان رینج میں فالٹ سائٹ پر طوفانی موسم میں شدت آرہی ہے۔

چمن کی صورتِ حال سے متعلقریسکیو حکام کا کہناہے کہ مسافروں کی رہنمائی و مدد کے لیے خیبر پختون خوا انتظامیہ کا عدم تعاون تشویش ناک ہے۔

ژوب تا ڈی آئی خان روڈ پر دھانا سر اور مانیخوا کے درمیان بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک معطل ہو گیا۔

ریسیکو ذرائع کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے چند مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ روڈ کھولنے میں مصروف ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کئی کلومیٹر کے علاقے میں بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، علاقے سے متعدد ریسکیو کالز موصول ہونے پر بعد کوئیک رسپانس دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ ایم ای آر سی بادینزئی اور مانیخوا رسپانس ٹیمیں متاثرہ مقام پر روانہ کر دی گئی ہیں اور اسلام آباد، پشاور، سوات سے مسافر ٹرانسپورٹ کو خیبر پختون خوا کی حدود میں روک دیا گیا ہے۔

ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک کے پی اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ چمن میں کوہِ سلیمان رینج میں موسلادھار اور طوفانی بارش ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہِ سلیمان رینج میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے سرحدی پہاڑوں پر بھی طوفانی بارش سے دونوں صوبوں کے بارڈر ایریاز میں سیلابی صورتِ حال ہے۔

جی ایم این ایچ اے کے مطابق خیبر پختون خوا اور بلوچستان بارڈر پر کوہ سلیمان رینج میں این 50 قومی شاہراہ پر دھانا سر میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک کا ایک بڑا حصہ بیٹھ جانے کی جگہ پر جدید بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

قومی شاہراہ این 50 سے ملبہ ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے درمیان تمام قسم کا ٹریفک معطل ہے۔

جی ایم این ایچ اے نارتھ کے مطابقاین 50 کو ہلکے ٹریفک کے لیے کھولنے میں 24 گھنٹے لگیں گے،متاثرہ سائٹ سے پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے،مسلسل ٹریفک آنے سے سائٹ پر ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آغا عنایت اللّٰہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 150 کے قریب گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، لینڈ سلائیڈنگ میں پورا پہاڑ سڑک پر گرا، موقع پر بڑے بڑے پتھر ہیں۔

لیویز کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 7 افراد زخمی ہوئے اور 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔